عروہ حسین کا فرحان سعید سے طلاق پر وضاحت دینے سے گریز
اداکارہ عروہ حسین نے فرحان سعید سے طلاق کے معاملے پر وضاحت دینے سے گریز کرتے ہوئے مبہم جواب دیا ہے کہ کیا لوگوں کے لیے یہ سب کچھ ناکافی ہے کہ وہ ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں؟
فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو دونوں کو ’ٹچ بٹن‘ فلم کی پروموشن کے دوران اکٹھے دیکھا گیا۔
اگرچہ دونوں فلم کی پروموشن میں ایک ساتھ تھے لیکن دونوں کو ایک دوسرے سے محتاط رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا، جس وجہ سے ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں بھی ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عروہ حسین اور فرحان سعید کے درمیان علیحدگی ہوگئی؟
اس سے قبل دونوں نے مارچ 2021 میں فلم ساز قاسم علی مرید کی شادی میں شرکت کی تھی مگر دونوں کو الگ الگ دیکھا گیا تھا اور انہوں نے کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔
دونوں کے درمیان دو سال سے اختلافات اور علیحدگی کی خبریں آنے کے باوجود دونوں نے واضح طور پر کبھی ان خبروں کو مسترد نہیں کیا اور نہ ہی ان کی تصدیق کی ہے۔
حال ہی میں عروہ حسین ایک ٹاک شو میں شریک ہوئیں، جہاں میزبان نے ان سے فرحان سعید سے اختلافات کے حوالے سے سوال کیا اور پوچھا کہ ان کےدرمیان کیا معاملات ہیں، ان کی وجہ سے ان کے مداح بہت پریشان ہیں۔
میزبان کے سوال پر عروہ حسین نے مبہم جواب دیا کہ لوگوں کو ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہیے، کیا لوگ اس بات پر خوش نہیں کہ وہ دونوں ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں اور ابھی تک ایک دوسرے سے عزت کے ساتھ ملتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اور فرحان سعید ہمیشہ ایک دوسرے کی عزت کرتے رہیں گے، چاہے ان کے درمیان کچھ بھی ہوجائے اور وہ ابھی بھی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔
عروہ حسین نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وہ مانتی ہیں کہ بطور اداکار لوگ ان سے متعلق جاننا چاہتے ہیں اور ان کی نجی زندگی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں لیکن وہ یہ سمجھتی ہیں کہ لوگوں کو اداکاروں کو بھی کچھ معاملات میں بخش دینا چاہیے۔
مزید پڑھیں: عروہ حسین کے والد نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
ان کے مطابق بعض باتیں ایسی ہوتی ہیں جو اداکار نہیں کرنا چاہتے تو ایسی باتوں پر انہیں یہ حق دیا جانا چاہیے کہ وہ اپنی باتوں کو نجی رکھیں۔
عروہ حسین نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتیں کہ وہ مستقبل میں بھی اس معاملے پر کھل کر بات کریں گی یا نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یا دوسرے اداکاروں کو جو مداحوں کو بتانا ہوگا، وہ بتایں دیں گے، انہیں تنگ نہیں کیا جانا چاہیے اور جو لوگ اپنے پسندیدہ شخصیات کے لیے زیادہ پریشان ہوتے ہیں تو وہ ان کے لیے دعائیں کریں کہ خدا ان کے معاملات کر بہتر کردے۔