• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روس سے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی

شائع October 31, 2022 اپ ڈیٹ November 1, 2022
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روس سے 372 ڈالر فی ٹن کی قیمت پر3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ‘اے پی پی ‘ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، سید نوید قمر، سابق وزیراعظم اہد خاقان عباسی، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق پاشا، وفاقی سیکریٹریز، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اورسینئیرافسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صوبوں کو گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی

وزارت تجارت کی جانب سے پیش کی جانے والی سمری پر ای سی سی نے روس کے حکومتی ادارے میسرزپرودین تورگ سے بین الحکومتی سطح پر 372 ڈالر فی میٹرک ٹن کی قیمت پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ گندم 15 نومبر 2022 سے لےکر 15جنوری 2023 تک کی مدت میں درآمد کی جائے گی۔

پیٹرولیم مصنوعات پر 6 روپے فی لیٹر مارجن کی منظوری

اجلاس میں وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پیٹرولیم مصنوعات پر مارجن کے حوالے سے بھی سمری پیش کی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اصولی طورپر 6 روپے فی لیٹر مارجن کی منظوری دے دی تاہم اس کا اطلاق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مالی گنجائش کی صورت میں ہوگا۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے پاک- چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ٹی سی بی (تھرکول) پروجیکٹ کی کمیشننگ کے لیے پاورپرچیز ایگری منٹ میں ترامیم سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے سمری کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس فیصلے سے ٹیرف پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے، اجلاس میں بتایا گیا کہ غیرمعمولی صورت حال کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کیلئے 31 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی

اجلاس میں وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی جانب سے پاکستان انرجی ریوالونگ فنڈ کے بارے میں سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے پاکستان انرجی ریوالونگ فنڈ کے ٹائٹل سے اسٹیٹ بینک اسلام آباد میں اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دے دی، یہ اکاؤنٹ سینٹرل پاورپر چین ایجنسی چلائے گی۔

کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کی منظوری

قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنیک) نے پاکستان ریلویز کے موجودہ مین لائن۔ون(ایم ایل ون) کے اپ گریڈیشن منصوبے کے 'پی سی ون' اور کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کی منظوری دے دی۔

ایکنیک کا اجلاس وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، سید نوید قمر، بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی نورمحمد دمڑ، وفاقی سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور وفاق اور صوبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

'ایم ایل ون منصوبے پر 9 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی'

اجلاس میں پاکستان ریلویز کے موجودہ مین لائن (ایم ایل ون) کے اپ گریڈیشن منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی، منصوبے پر 9 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی

رپورٹ کے مطابق مین لائن ون کراچی سے شروع ہو کر کوٹری، حیدرآباد، روہڑی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی سے گزرتے ہوئے پشاور میں ختم ہوجاتی ہے، پی سی ون کی منظوری لاگت کی سفارشات، تکنیکی تفصیلات، اور ایکویٹی پر مشتمل مالیاتی ماڈل سے مشروط کی گئی ہے۔

اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبے پر 292 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جس میں 263 ارب 14 کروڑ روپے کی بیرونی امداد شامل ہے، منصوبے کے تحت 44 کلومیٹر طویل جدید شہری ریلوے ٹریک تعمیر کی جائے گی، جو ڈرگ روڈ سے شروع ہو کر گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سائٹ اور لیاری سے گزرے گی۔

اجلاس میں آزاد کشمیرکے ضلع نیلم میں 48 میگاواٹ ونٹرہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024