• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان

شائع October 31, 2022
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔


پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ فی لیٹر قیمت

  • پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 224 روپے 80 پیسے
  • ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے
  • مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے
  • لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے

انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مدت میں ایک مہینے کی توسیع کی جا رہی ہے اور اب ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل سے جو ایل سیز اور ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں، وہ کیسز تقریباً 8 ہزار کے قریب تھے، میں نے اعلان کیا تھا کہ 50 ہزار ڈالر تک کی تمام ایل سیز اور ادائیگیوں کو جاری کر دیا جائے، میری اسٹیٹ بینک کے گورنر سےکل بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، آج بھی ان سے مشاورت ہوئی۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ اس پر اسٹیٹ بینک کی رضامندی کے ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور 50 ہزار ڈالر تک کی ایل سیز ریلیز کی تھیں، جس سے 8 ہزار میں سے تقریباً 4 ہزار 400 کیسز کلیئر ہو گئے تھے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کل سے ایک لاکھ روپے تک کی تمام ایل سیز کلیئر کرنا شروع کردے گا، اس سے تقریباً 1365مزید کیسز میں کمی آ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو ان کی منظوری دے دی گئی ہے اور کل سے اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 31 اکتوبر تک برقرار رہیں گی، وزیرخزانہ

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے واشنگٹن سے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ‘وزرات خزانہ میں اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگیولیٹر اتھارٹی) کی سمری مل چکی ہے اور میرے ساتھ یہاں واشنگٹن میں پہنچائی گئی ہے اور میں نے دیکھا ہے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ سمری میں ‘پیٹرول میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے تبادلہ خیال کیا ہے’۔

وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ ‘مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چاروں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور 31 اکتوبر 2022 تک یہی قیمتیں جاری و ساری رہیں گی’۔

مزید پڑھیں: ڈالر میں کمی کے باوجود 3 اہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

انہوں نے کہا تھا کہ ‘اس وقت تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نہ اضافہ کیا جائے اور نہ ہی معمولی کمی ہوگی، رات 12 بجے سے قیمتوں میں تبدیلی ہونا تھی لیکن اب 31 اکتوبر تک کوئی تبدیلی نہیں ہوگی’۔

قبل ازیں ڈان کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حالیہ ٹیکس کی شرح کے تحت پیٹرول کی قیمت تقریباً 10.75روپے فی لیٹر کم ہو کر 214 روپے تک پہنچنے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تقریباً 11.50 روپے فی لیٹر اضافہ کے بعد 247 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ 30 ستمبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحقٰ ڈار کا پیٹرول کی قیمت 12 روپے 63 پیسے کم کرنے کا اعلان

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کی کم کیے گئے ہیں اور قیمت 247 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 235 روپے 30 پیسے ہو جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024