• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایک بار پھر ’ٹچ بٹن‘ کی نمائش مؤخر

شائع October 31, 2022
فلم کو 11 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 11 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ

ایک بار پھر آنے والی رومانٹک مصالحہ فلم ’ٹچ بٹن‘ کی نمائش کو مؤخر کردیا گیا، فلم کو آئندہ ماہ 11 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید اور فیروز خان کی فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا۔

بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم فروری 2020 میں اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم کورونا کے باعث سینمائوں کی بندش کی وجہ سے ٹچ بٹن کی نمائش بھی دیگر فلموں کی طرح روک دی گئی تھی اور پھر رواں برس جولائی میں فلم کو 2022 کے آخر تک پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ ایک ہفتہ قبل اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 11 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹچ بٹن‘ کا ٹریلر جاری، آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے بعد ہونے والے مختلف واقعات کے باعث اب فلم کی نمائش کو ملتوی کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ کے اختتام تک ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

اے آر وائے نیوز کی جانب سے فلم کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ ’ٹچ بٹن‘ کی نمائش کو مؤخر کردیا گیا۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم کی پروموشن کے لیے ’ٹچ بٹن‘ کو اب 11 کے بجائے 25 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

پوسٹ کے مطابق فلم کی ٹیم ’ٹچ بٹن‘ کی پروموشن میں مصروف ہے اور ٹیم کی خواہش ہے کہ فلم کی درست انداز میں پروموشن کی جائے۔

مزید پڑھیں: انتظار ختم، ٹچ بٹن کو 2022 کے اختتام تک ریلیز کرنے کا اعلان

’ٹچ بٹن‘ کی نمائش کو مؤخر کرنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا جب کہ اس کی مرکزی اداکارہ سونیا حسین نے فلم کی پروڈیوسر عروہ حسین پر فلم کا معاوضہ نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

علاوہ ازیں فلم کے مرکزی اداکار فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کرنے کے الزامات کی وجہ سے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

اگرچہ فلم کی ٹیم نے ’ٹچ بٹن‘ کی نمائش مؤخر کرتے ہوئے اس کی پروموشن کو اس کا سبب بتایا، تاہم چہ مگوئیاں ہیں کہ فلم کو فیروز خان پر اہلیہ پر تشدد کے الزامات اور سونیا حسین کی جانب سے پروڈیوسر کو نوٹس بھجوائے جانے پر اس کی نمائش ملتوی کی گئی ہے۔

’ٹچ بٹن‘ میں سونیا حسین اور ایمان علی نے فرحان سعید اور فیروز خان کے مخالف کردار ادا کیے ہیں۔

فلم میں سینیئر اداکار سہیل احمد بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ دیگر اداکاروں کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا۔ ’ٹچ بٹن‘ کو فرحان سعید اور ان کی اہلیہ عروہ حسین سمیت محمد جرجیس سیجا نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024