ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلین ہوٹل میں پرائیویسی میں مداخلت پر کوہلی برہم

شائع October 31, 2022
ویرات کوہلی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کو بھی اپنے اسٹارز کی پرائیویسی کا احترام کرنا چاہیے
ویرات کوہلی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کو بھی اپنے اسٹارز کی پرائیویسی کا احترام کرنا چاہیے

آسٹریلیا میں ایک مداح نے بھارتی ٹیم کے سپر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے میں گھس کر اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں جس پر بھارتی کرکٹر نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں سمجھ سکتا ہوں کہ مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں، ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بہت پُرجوش ہوتے ہیں اور ان سے ملنا چاہتے ہیں لیکن یہ وڈیو بہت پریشان کن ہے، میں اب اپنی پرائیویسی کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہوگیا ہوں۔‘

یہ بھی پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں بیٹی کی پیدائش

انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری اپنے ہوٹل کے کمرے میں پرائیویسی نہیں ہے تو پھر میں کس جگہ اپنی پرائیویسی حاصل کر سکتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں شائقین کے اس رویے کو بالکل درست تصور نہیں کرتا اور یہ میری پرائیویسی پر حملہ ہے، مداح براہ مہربانی اپنے اسٹارز کی پرائیویسی کا احترام کریں اور انہیں اپنی تفریح کا ذریعہ نہ سمجھیں۔‘

مداح کی بنائی گئی ویڈیو میں کوہلی کے ذاتی استعمال کی اشیا کو دکھایا گیا ہے، اس حوالے سے یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ یہ ویڈیو کسی مداح نے نہیں بلکہ ہوٹل کے عملے کے کسی رکن کی جانب سے بنائی گئی ہے کیونکہ ویڈیو میں اُس شخص کا سرمئی رنگ کا یونیفارم اور نام ظاہر ہو رہا تھا۔

بھارتی کرکٹر کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کرنے کے بعد دوستوں، مداحوں اور اہل خانہ نے ویرات کوہلی کے خیالات کی حمایت کی، آسٹریلوی کپتان ڈیوڈ وارنر، ویرات کوہلی کے بھائی ویکاس اور اداکار ارجن کپور اور ورن دھون کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے ویڈیو بنانے والے شخص کی حرکت کو ’غیر اخلاقی‘ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی معصوم بچی کو ’ریپ‘ کی دھمکی

ادھر پرتھ کے جس ہوٹل ’کراؤن ٹاور‘ میں یہ واقعہ پیش آیا اس نے اپنے بیان میں واقعے پر معافی مانگی ہے۔

کرک انفو کو دیے گئے اپنے بیان میں کراؤن ٹاور نے کہا کہ ہم اس واقعے پر معافی مانگتے ہیں اور اس حوالے سے اہم اقدامات اٹھائیں گے، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو ہوٹل سے نکال دیا گیا ہے اور سوشل میڈیا سے اس ویڈیو کو ہٹا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما پرائیویسی کے حوالے سے انتہائی سخت مؤقف رکھتے ہیں، دونوں میاں بیوی اپنی بیٹی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

ایک موقع پر جب بھارت کی معروف اداکارہ انوشکا شرما گھر کی بالکونی میں اپنے شوہر ویرات کوہلی اور بیٹی کے ساتھ ناشتہ کر رہی تھیں تو اسی دوران ایک فوٹوگرافر نے ان کی تصویر کھینچ لی تھی جس پر انوشکا بہت غصہ ہوئی تھیں اور فوٹوگرافر کو تصویر ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا۔

دوسری جانب بعض پاکستانی اداکار بھی اپنی پرائیویسی کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہیں، رواں سال مئی میں اداکارہ ہانیہ عامر نے انکشاف کیا کہ کچھ مداح ان کے گھر کے باہر کھڑے ہوگئے، مداحوں کو ہٹانے کے لیے انہیں پولیس بلوانا پڑی تھی۔

اسی طرح معروف گلوکار عزیر جسوال نے بتایا تھا کہ کچھ لوگ ان کے گھر کے اندر گھس گئے اور دعویٰ کیا کہ وہ میرے دوست ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے اور میری بیٹی کو کوہلی پر فخر ہے، انوشکا شرما

دنیا میں ہر جگہ مداح اپنے اسٹارز اور پسندیدہ لوگوں سے مل کر پرجوش ہوتے ہیں، مداح سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی اور کسی بھی وقت اپنے پسندیدہ اسٹار سے مل سکتے ہیں، ان کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ مشہور شخصیات بھی ایک انسان ہیں اور ان کی پرائیویسی کا مداحوں کو بھی خیال کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025