ڈیرہ اسمٰعیل خان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے دارازندا میں پاک فوج کے جوانوں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: ڈیرہ اسمٰیل خان میں دو مشتبہ خود کُش بمبار ہلاک
بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران خوشاب سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 33 سالہ لانس نائیک ساجد حسین اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی محمد اسرار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے'۔
اس سے قبل رواں ہفتے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایک کارروائی میں دو مبینہ خود کش بمباروں کو مارا گیا تھا۔
پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مبینہ خود کش بمبار امن کمیٹی کے سربراہ پر حملے کی کوشش کر رہے تھے اور اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور خود کش جیکٹ پہنے موٹرسائیکل-رکشا پر سوار تھے اور ڈیرہ اسمٰعیل خان-بنوں روڈ پر عرفان کالونی میں واقع نور عالم محسود کے دفتر پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کولاچی میں گارا گلدار گاؤں میں 24 اکتوبر کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران مطلوب ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔
اسی طرح 23 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکے میں پاک فوج کے ذیلی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں ہی 23 اکتوبر کو افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں حسن خیل چوکی پر تعینات پاکستانی فوج پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی وقار علی شہید ہوگئے۔