• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں فلپس کی سنچری، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی

شائع October 29, 2022
گلین فلپس کا سنچری کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
گلین فلپس کا سنچری کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے گلین فلپس اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

سڈنی میں کھیلے جا رہے سپر 12 مرحلے کے گروپ 1 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 15 رنز پر کپتان کین ولیمسن اور دونوں اوپنرز سے محروم ہو گئی۔

سری لنکا کو جلد ہی چوتھی وکٹ بھی لینے کا موقع ملا لیکن نسانکا نے 13 کے انفرادی اسکور پر فلپس کا آسان کیچ گرا دیا جس کی سری لنکا کو بھاری قیمت چکانی پڑی۔

اس مرحلے پر گلین فلپس کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، فلپس نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور مچل کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑے، مچل نے 24 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے فلپس نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور ٹی20 ورلڈ کپ میں سنچری کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

انہوں نے 64 گیندوں پر چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کاسن رجیتھا نے دو جبکہ مہیش تھکشانا، دھننجیا ڈی سلوا، ونندو ہسارنگا اور لہیرو کمارا نے ایک ایک وکٹ لی۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز تباہ انداز میں ہوا اور پہلے ہی اوور میں ٹم ساؤدھی نے پتھم نسانکا کو کھوتا کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی چلتا کردیا۔

ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے کوشل مینڈس اور دھننجیا ڈی سلوا کی وکٹیں حاصل کر لیں اور پھر اپنے اگلے اوور میں چرتھ اسالانکا کا کام بھی تمام کردیا۔

8 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بھنوکا راجا پکسے اور چمیکا کرونارتنے نے اسکور 24 تک پہنچایا ہی تھا کہ مچل سینٹنر نے اپنے اوور کی پہلی گیند پر کرونارتنے کو چلتا کر کے سری لنکا کو پانچواں نقصان پہنچایا۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد راجا پکسے اور کپتان داسن شناکا نے 34 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن 58 کے مجموعے پر راجاپکسے کی 34 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ شناکا نے 35 رنز بنائے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور راجا پکسے اور شناکا کے سوا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار جبکہ مچل سینٹنر اور اش سودھی نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

شاندار سنچری اسکور کرنے پر گلین فلپس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024