• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

آبادیاتی تبدیلی یورپی سیاست پر کس طرح اثر انداز ہوسکتی ہے؟

شائع October 31, 2022 اپ ڈیٹ November 1, 2022

لکھاری لندن میں مقیم وکیل ہیں۔
لکھاری لندن میں مقیم وکیل ہیں۔

رواں سال کنزرویٹیو پارٹی کی سربراہی کی دوڑ میں رشی سوناک کو لزٹرس سے شکست ہوگئی تھی، تاہم اب وہ برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن چکے ہیں۔ اس امر نے برطانیہ کی سیاست میں رنگ و نسل اور مذہب پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

برطانیہ کے پہلے ہندو اور غیر سفید فام وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے رشی سوناک دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ان کا موازنہ امریکا کے پہلے سیاہ فام صدر باراک اوباما سے کیا جاتا ہے۔ لیکن ان دونوں کے درمیان مماثلت کم اور فرق زیادہ نظر آتا ہے۔

کینیا سے تعلق رکھنے والے باراک اوباما کے والد ان کی زندگی میں کم ہی رہے اور اوباما کو ان کی سفید فام امریکی والدہ نے پالا۔ مخلوط نسل کے باراک اوباما سفید فام اور سیاہ فام لوگوں سے یکساں تعلق رکھ سکتے ہیں، اور سیاہ فاموں کے ساتھ ان کا تعلق ان کی اہلیہ مشیل اوباما کی وجہ سے مزید مضبوط ہوا، جن کا تعلق امریکی سیاہ فام برادری سے ہے۔

ایک وکیل اور کمیونٹی آرگنائزر کی حیثیت سے ڈیموکریٹک پارٹی میں اوباما کے ابھرنے اور انتخابات میں جیت کے بعد 8 سال تک صدارت کے عہدے پر فائز رہنے کو ان کی ذاتی کشش اور شخصیت کا اثر قرار دیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب رشی سوناک کی بات کی جائے تو ان کے بارے میں اویناش پالیوال نے انڈین ایکسپریس میں لکھا ہے کہ وہ ’ایک حادثاتی وزیراعظم ہیں‘۔ ان کی پارٹی نے چند ماہ قبل انہیں پارٹی لیڈر کے طور پر رد کردیا تھا کیونکہ ان کی ذاتی مقبولیت کم تھی اور کنزرویٹیو پارٹی کی روایات کے مطابق، رشی سوناک کی ذات اور مذہب کی وجہ سے ان کی سربراہی میں کنزرویٹیو پارٹی کے لیے انتخابات جیتنا مزید مشکل ہوجاتا۔ اس کے باوجود جب لز ٹرس نے بطور وزیر اعظم غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں 45 دن بعد ہی وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنا پڑا تو رشی سوناک کو ایک اور موقع مل گیا۔

مزید پڑھیے: رشی سوناک، کینیا اور ’نیا برطانیہ‘

اب تارکین وطن کی مخالف پارٹی کو مشرقی افریقہ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کا بیٹا چلا رہا ہے۔ اوباما کی طرح، رشی سوناک کے والد بھی کینیا میں پیدا ہوئے۔ اوباما عیسائی مذہب پر عمل پیرا تھے اور ان کے برعکس رشی سوناک کا تعلق ہندو مذہب سے ہے۔ ان کی اہلیہ اکشتا مورتی بھارتی شہری ہیں جن کے پاس برطانوی شہریت نہیں ہے۔ چونکہ وہ ایک ارب پتی باپ کی بیٹی ہیں اس لیے انہیں برطانوی شہریت نہ لینے سے برطانیہ میں ٹیکسوں کی ادائیگی سے بچنے میں مدد ملی۔ ان دونوں کی مجموعی دولت 80 کروڑ ڈالر ہے جو انہیں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے بھی زیادہ امیر بناتی ہے۔

لیکن کوئی چیز بھی رشی سوناک کو نسل پرستوں کے لیے قابل قبول نہیں بناتی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایل بی سی پوڈکاسٹ کے ایک کلپ نے اس بات کو کافی حد تک واضح کردیا ہے۔

اس کلپ میں جیری نامی کالر، جو کہ کنزرویٹیو پارٹی کے بورس جانسن کے حامی تھے، نے افسوس کے ساتھ کہا کہ، ’کوئی بھی مجھے پاکستان یا سعودی عرب کا وزیراعظم نہیں بنائے گا پھر کیوں رشی سوناک جیسے اس قدر مختلف شخص کو برطانیہ چلانے کی اجازت دی جارہی ہے؟‘

پوڈکاسٹ کی میزبان سنگیتا مسکا نے اصرار کیا کہ چونکہ رشی سوناک برطانیہ میں پیدا ہوئے ہیں اس لیے انہیں وزیراعظم بننے کا پورا حق حاصل ہے۔ لیکن جیری نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کہاں پیدا ہوئے ہیں۔ جیری نے اپنے ساتھی کا ذکر بھی کیا جو یوگانڈا میں پیدا ہوا لیکن وہ اسی کی طرح انگریز ہے اور اس نے جیری کے ساتھ فوج میں بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ اس کے بعد سنگیتا نے جیری کی حب الوطنی کو صرف سفید فاموں کے لیے مخصوص کر دینے کے خیال پر سوال کیا جس پر جیری نے کوئی تکرار نہیں کی۔

یقینی طور پر جیری جیسے لوگ ہر جگہ موجود ہیں۔ امریکا میں انہوں نے ہی دوسری نسل کے لوگوں سے نفرت کی تحریک ’میک امریکا گریٹ اگین‘ کو ہوا دی جس کی قیادت ڈونلڈ ٹرمپ کررہے تھے۔ اس تحریک کو باراک اوباما کے 2 ادوار حکومت کے بعد ان حلقوں میں پیدا ہونے والے تعصب نے ہوا دی۔

لیکن یقین جانیے کہ جیری اور اس جیسے دیگر لوگ ہاری ہوئی لڑائی جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تارکین وطن افراد نے مغربی ممالک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جو مہاجر جتنا نیا ہوگا وہ اتنی ہی محنت سے کام کرے گا۔ دائیں بازو کی جانب سے ایمیگریشن کو ’ہزاروں‘ کی تعداد تک محدود کرنے کے مطالبے کے باوجود کسی حکومت کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کاروبار چلانے کے لیے تارکین وطن افراد پر انحصار کیا جاتا ہے۔ برطانیہ کو بیرون ملک سے ہزاروں لاکھوں مزدوروں کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیے: لز ٹرس کا اچانک استعفیٰ: برطانیہ میں آخر ہو کیا رہا ہے؟

قدرتی طور پر ترکِ وطن، آبادیاتی تبدیلیوں کا سبب بنتا ہے اور جمہوریت کی خوبصورتی یہ ہے کہ وہ سب کو نمائندگی کی اجازت دیتی ہے۔ اگرچہ رشی سوناک کے پاس عام انتخابات میں کھڑے ہونے کے لیے کوئی حلقہ نہیں ہوگا لیکن تارکین وطن والدین کی کئی اولادیں ہوں گی جو اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں گے اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گی۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں مسلمان اور سکھ دونوں موجود ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن کے بیٹے صادق خان 2016ء سے لندن کے میئر ہیں۔ اس کے علاوہ ساجد جاوید ہوم سیکریٹری اور خزانے کے چانسلر کے عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مسلمان تارکین وطن کی بیٹی رشیدہ داتی نے فرانس میں وزیر انصاف کے طور پر کام کیا۔ احمد ابوطالب، جو مراکش کے چھوٹے سے گاؤں میں واقع مسجد کے امام کے بیٹے ہیں اور 15 سال کی عمر میں نیدرلینڈز ہجرت کر گئے تھے، اس وقت روٹرڈیم کے میئر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

آبادیاتی تبدیلیوں کا مطلب یہ ہے کہ مسلمانوں کے لیے سیاسی عہدوں کے حصول کے لیے انتخابات لڑنا آسان ہو جائے گا اور ایسا امریکا سے کہیں زیادہ یورپ میں ہوگا۔ مثال کے طور پر برسلز کی 25 فیصد آبادی مسلمان ہے، فرانس کے کچھ حصے، جیسا کہ سینٹ ڈینس میں یہ تناسب 45 فیصد تک ہے۔ لندن میں 14 فیصد جبکہ بریڈفورڈ میں یہ تناسب 25 فیصد ہے۔

یقیناً یہ آبادیاتی تبدیلی کچھ لوگوں کو پسند نہیں آئے گی اور شاید اس بنیاد پر نسلی تعصب میں اضافہ بھی ہو لیکن اس طویل مدتی دوڑ میں تارکین وطن ہی جیتیں گے۔


یہ مضمون 29 اکتوبر 2022ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

عائشہ اعجاز خان

عائشہ اعجاز خان لندن میں مقیم وکیل ہیں۔ وہ ٹوئٹر پر ayeshaijazkhan@ کے نام سے لکھتی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Issac Vera Nov 01, 2022 07:16am
Where are you?
Anwar Mahmood Nov 01, 2022 12:28pm
Both they have link with Gujranwala

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024