• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سائفر آڈیو لیکس تحقیقات، ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کو طلب کرلیا

شائع October 29, 2022
شاہ محمود قریشی کو یکم نومبر دوپہر 12 بجے ایف آئی اے ہیڈکواٹرطلب کیا گیا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
شاہ محمود قریشی کو یکم نومبر دوپہر 12 بجے ایف آئی اے ہیڈکواٹرطلب کیا گیا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر آڈیو لیکس کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق وزیرخارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کو طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے ذرائع نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کو بھی 28 اکتوبر کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں ان سے سائفر کے حوالے سے انکوائری کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیکس پر جے آئی ٹی تشکیل، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

ذرائع نےبتایا کہ شاہ محمود قریشی کو یکم نومبر دوپہر 12 بجے ایف آئی اے ہیڈکواٹرز طلب کیا گیا ہے، آڈیو لیک سے متعلق جاری انکوائری میں ان سے سائفر کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے سائفر آڈیو لیکس کے معاملہ پر پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی باضابطہ منظوری دی تھی۔

مزید پڑھیں: سائفر سے متعلق عمران خان کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل

کابینہ نے ایف آئی اے کو آڈیو لیکس کے معاملہ پر تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی، مبینہ آڈیو لیکس میں عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا کہ کس طرح سائفر کے معاملے پر کھیلا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور پارٹی رہنماؤں بشمول پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر، وزیراعظم کے پرسنل سیکریٹری اعظم خان اور شاہ محمود قریشی کی آڈیو لیکس کے معاملے پر 30 ستمبر کو کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

کمیٹی نے حالیہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی اور تجاویز کی منظوری کے لیے انہیں سمری کی شکل میں کابینہ کے سامنے پیش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024