• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

کراچی: پولیس نے توہین مذہب کے الزام پر خاتون کو گرفتار کرلیا

شائع October 27, 2022 اپ ڈیٹ October 28, 2022
پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کردیا —فائل/ فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کردیا —فائل/ فوٹو: اے ایف پی

پولیس نے نیو کراچی کے علاقے میں ایک خاتون کو قرآن پاک کی توہین کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور توہین مذہب کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ڈان ڈاٹ کام کو بلال کالونی اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) احمد نواز نے بتایا کہ وہ علاقے میں گشت کر رہے تھے کہ اطلاع ملی کہ ایک خاتون نے نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 5-ای کے قریب مین روڈ پر مبینہ طور پر قرآن پاک کو جلایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب میں جائے وقوع کی طرف گیا تو میں نے دیکھا ملزم کے گرد چند لوگ جمع ہیں اور دو خواتین نے انہیں پکڑ رکھا تھا'۔

ایس ایچ او نے کہا کہ ان میں سے ایک خاتون ارم آصف نے بتایا کہ میں رکشے میں سوار تھی اور اسی دوران دیکھا کہ ایک خاتون مین روڈ پر قرآن پاک جلا رہی ہیں تو ان سے قرآن پاک بھی لے لیا اور ملزمہ کے دوسرے ہاتھ سے چھری بھی لے لی۔

پولیس افسر احمد نواز نے بتایا کہ جب ملزمہ کو پولیس اسٹیشن لایا گیا تو اسی دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد تھانے کے باہر جمع ہوگئی تاہم پولیس نے حالات پر قابو پالیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمہ کی ذہنی حالت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا اور معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

ایس ایچ او نے بعد ازاں کہا کہ ملزمہ ضلع دادو سے تعلق رکھتی ہیں اور فون پر ان کے شوہر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ذہنی طور پر مسائل کا شکار ہیں اور اس کا علاج چل رہا ہے۔

پولیس افسر کی جانب سے مذکورہ واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) ریاست کی مدعیت میں درج کرائی۔

ایف آئی آر کے مطابق تلاشی کے دوران ملزمہ سے کچھ برآمد نہیں ہوا اور پولیس کو جو قرآن پاک دیا گیا اس کے چند صفحات جلے ہوئے تھے۔

پولیس افسر کی جانب سے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-بی (کسی بھی مذہب کی توہین کرنے کی نیت سے عبادت کی جگہ ناپاک کرنے یا داغ دار کرنے) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024