• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سونیا مشال اور فائزہ عاشق کی فیروز خان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک پر تنقید

شائع October 27, 2022
حمیمہ اور دعا ملک نے بھائی پر الزامات پر کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حمیمہ اور دعا ملک نے بھائی پر الزامات پر کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ماڈل سونیا مشال اور ماڈل فائزہ عاشق نے علیزے سلطان پر تشدد اور ان کی حمایت پر بات نہ کرنے پر اداکارہ حمیمہ ملک اور دعا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے حس قرار دے دیا۔

حمیمہ اور دعا ملک اداکار فیروز خان کی بہنیں ہیں اور وہ ماضی میں دوسری خواتین پر ہونے والے تشدد پر کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔

حمیمہ اور دعا ملک کے بھائی اداکار فیروز خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی سابق بیوی علیزے سلطان کو متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے ان کے جسم پر زخم بھی رسے۔

علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کرتے ہوئے فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یہی نہیں بلکہ اقرا عزیز نے فیروز خان کے ساتھ منصوبوں سے دستبرداری بھی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اور اب اداکارہ مشال سونیا اور ماڈل فائزہ عاشق نے فیروز خان کے بجائے ان کی بہنوں اداکارہ حمیمہ اور دعا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے حس قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکار کی اداکاری اور اصل زندگی کو الگ الگ دیکھا جائے، مصدق ملک

اداکارہ سونیا مشال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں حمیمہ اور دعا ملک سمیت ان کی والدہ کو بھی اڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ انہوں نے اپنے بھابھی پر ظلم ہوتے ہوئے دیکھا ہوگا لیکن ان کے لیے کچھ نہیں بول رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ خواتین آخر دوسری عورت کی مدد کیوں نہیں کرتیں؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے فیروز خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی مذہبی ہونے پر بھی ان پر تنقید کی اور لکھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ خود کو پڑھا لکھا اور مذہبی شخص قرار دینے والا شخص اس حد تک جا سکتاہے۔

اداکارہ سونیا مشال نے لکھا کہ فیروز خان کہتے ہیں کہ وہ کسی شیخ کی رہنمائی میں بھی ہیں اور ان کے کام ایک بزدل شخص والے ہیں۔

مزید پڑھیں: میاں، بیوی میں جھگڑے عام بات ہیں، تشدد نارمل نہیں، یاسر حسین

انہوں نے ایک اور اسٹوری میں علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر بھی شیئر کیں، جنہیں انہوں نے عدالت میں جمع کروایا تھا۔

ان کی طرح ماڈل فائزہ عاشق نے بھی فیروز خان کی بہن اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے دعا ملک کی ایک پرانی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے ماضی میں اداکار محسن عباس حیدر کی جانب سے بیوی پر تشدد کرنے کی مذمت کی تھی۔

فائزہ عاشق نے دعا ملک کی پرانی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ اب ان کی نظر میں گھریلو تشدد جائز ہوگیا ہوگا، کیوں کہ اب تشدد کرنے والا مرد ان کا بھائی ہے۔

انہوں نے دعا ملک کو بے حس قرار دیتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ کیا اب انہیں خدا کو منہ نہیں دکھانا؟ اور کیوں انہوں نے مذہب کا اپنا ہی مفہوم نکال رکھا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ڈراموں میں تشدد کو رومانوی انداز میں دکھانے کا نتیجہ اب سامنے آ رہا ہے۔

خیال رہے کہ فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر چند دن قبل وائرل ہوئی تھیں، جنہیں انہوں نے عدالت میں جمع کروایا تھا۔

علیزے سلطان نے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں فیروز خان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے شواہد پیش کیے تھے، جس کے بعد ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی تھیں۔

علیزے سلطان کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

شوبز شخصیات سمیت عام لوگوں کی جانب سے بھی الزامات کی بھرمار کے بعد فیروز خان نے بھی وضاحت دیتے ہوئے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ الزام تراشی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

فیروز خان نے تشدد کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
فیروز خان نے تشدد کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024