• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

پہلی بلوچ گلوکارہ ایوا بی کی تصویر ’ٹائمز اسکوائر‘ پر آویزاں

شائع October 27, 2022
ایوا بی کو پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر کا اعزاز بھی حاصل ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ایوا بی کو پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر کا اعزاز بھی حاصل ہے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر اور بلوچ گلوکارہ ایوا بی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ نے ان کی تصویر امریکا کے معروف ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کردی۔

ایوا بی سے قبل اسپاٹی فائے 7 پاکستانی خواتین گلوکاراؤں کی تصاویر بھی ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کر چکی ہے۔

اسپاٹی فائے نے رواں برس مارچ سے ’اکوئل پاکستان‘ نامی منصوبے کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ہر ماہ ایک پاکستانی گلوکارہ کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔

’اکوئل پاکستان‘ منصوبے کے تحت پہلی بار مارچ 2022 میں ٹائمز اسکوائر پر پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کی تصویر آویزاں کی گئی تھی۔

اسی منصوبے کے تحت گزشتہ ماہ ستمبر میں گلوکارہ مومنہ مستحسن کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا جب کہ اب ایوا بی کی تصویر کو آویزاں کیا گیا ہے۔

ایوا بی کی تصویر ٹائمز اسکوائر پر آویزاں ہونے پر گلوکاروں سمیت شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ خود انہوں نے اپنی تصویر کو آویزاں کیے جانے کو تاریخی لمحہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’دل کو چرانے والی‘ نازیہ حسن کی تصویر ’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈ پر آویزاں

ایوا بی پاکستان کی پہلی باحجاب اور بلوچی گلوکارہ بن گئیں، جن کی تصویر کو ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا گیا ہے۔

ایوا بی کو رواں برس کے آغاز میں ریلیز ہونے والے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’کنا یاری‘ کو ملک بھر میں بہت پسند کیا گیا تھا اور وہ مذکورہ گانے کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی مشہور ہوئی تھیں۔

تاہم ایوا بی نے گلوکاری کا آغاز پہلے ہی کردیا تھا، انہوں نے تین سال قبل 2018 میں انسٹاگرام پراپنا پہلا ریپر گانا شیئر کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

ایوا بی نے کیریئر کے آغاز میں ہی نہ صرف اپنے بلوچ ثقافتی لباس کو پہننا شروع کیا بلکہ انہوں نے مکمل حجاب کرنا بھی شروع کیا اور اسی وجہ سے ان کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ماضی میں شورش زدہ رہنے والے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی ایوا بی کو ان کی گلوکاری کی طرح ان کے فیشن سینس اور حجاب پہننے کی وجہ سےبھی منفرد اہمیت حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024