• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو 104رنز سے شکست دے دی

شائع October 27, 2022
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 104رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقہ نے رائلی روسو کے شاندار 109 رنز کی بدولت بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا۔

206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم صرف 101 رنز بناسکی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز لٹن داس نے 34 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باؤلر اینرچ نورٹجے نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اور تبریز شمسی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کے دوران میچ بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر بعد ہی کھیل دوبارہ شروع کردیا گیا۔

اننگز کے آغاز پر ہی جنوبی افریقہ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان ٹیمبا باووما 6 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، لیکن اس کے بعد پروٹیز نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

اوپنر کوئٹن ڈی کوک نے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 63 رنز بنائے۔

ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رائلی روسو نے 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 109 رنز کی شاندار جارحانہ اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھ کر ایک موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 240 رنز تک کا ہدف دے سکتا ہے، لیکن آخری اوورز میں بنگال ٹائیگرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز تک محدود کردیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ تسکین احمد، حسن محمود اور عفیف حسین نے ایک، ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

56 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر رائلی روسو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ-زمبابوے میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ آج زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔

پرتھ میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024