• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، ثبوت مٹا دیے گئے، فیصل واڈا

شائع October 26, 2022 اپ ڈیٹ October 27, 2022
فیصل واڈا نے کہا کہ میں ارشد شریف سے رابطے میں تھا—فوٹو: ڈان نیوز
فیصل واڈا نے کہا کہ میں ارشد شریف سے رابطے میں تھا—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کرنے کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی جبکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور پاکستان آنا چاہتا تھا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف کا اس ملک اور دنیا سے جانا غیرت کی بات ہے، کوئی کھڑا ہو یا نہیں، کوئی ڈرے یا مرے میں ضرور کھڑا ہوں گا، میرا وہ دوست بھی تھا اور میرا میزبان بھی تھا۔

مزید پڑھیں: کوئی کچھ بھی کہے، مجھے پتا ہے ارشد شریف کی ’ٹارگٹ کلنگ‘ کی گئی ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ ان کی شہادت وہ ایک حادثہ نہیں ہے، آنے والے دنوں میں بہت کچھ بتاتا رہوں گا اب میں نہیں رکوں گا، اگر ارشد شریف کو گول لگ سکتی تو پھر گولی کسی کو بھی آپ اور مجھے بھی لگ سکتی ہے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے اور اس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، ارشد شریف کا کوئی ثبوت لیپ ٹاپ یا موبائل نہیں ملے گا، شواہد مٹا دیے گئے ہیں، اس کی تحقیقات کہاں پہنچتی ہے، خاص طور پر ہمارے نظام میں انصاف کا تو سب کو پتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں حادثہ ہوا ہے ، وہاں کے حالات پاکستان یا پاکستان سے بدتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 20 گولیاں چلیں اور ارشد شریف کو 20 گولیاں ماری گئیں ایسا نہیں ہے، میرے خیال میں گاڑی کے اندر یا بہت قریب سے مارا گیا ہے، ارشد شریف کو دو گولیاں لگیں، جو سینے اور سر پر ہیں۔

فیصل واڈا نے کہا کہ کہانی بنائی گئی بچہ اغوا ہوا اس کے لیے گولی ماری گئی، اس گاڑی کے اندر منصوبہ بندی سے قتل صرف ارشد شریف کا ہوا ہے کسی اور کا نہیں ہوا، جو خرم اور وقار نامی شخص آرہے ہیں، یہ میرے اور آپ کے بس کا کام نہیں اور نہ پاکستان میں کسی اور سیاسی شخصیت کام ہو کہ وہ کینیا کے شہر میں دو گھنٹے دور ایک فارم ہاؤس کا انتظام کرے اور اس میں چھپائے اور دنیا میں کسی کو پتا نہ ہو اور یہ حادثہ پیش آئے۔

'مجھے کچھ ہوا تو سازشی شخصیات بھی ماری جائیں گی'

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں نے ویڈیو بنا کر ان لوگوں کے نام دے دیے ہیں، میں نے ویڈیو بھی بنائی ہے اور نام بھی دے دیے ہیں، بین الاقوامی اور قومی سطح پر دے دیے ہیں اور مجھے کچھ ہوا اور مارا گیا تو جو شخصیات اس سازش کا حصہ ہیں وہ بھی 3 گھنٹے کے اندر اسی طرح ماری جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کتنے بھی بڑے طاقت ور لوگ ہوں ان کو میرا بڑا واضح پیغام ہے، مجھے گولی لگی اور مرا تو تین سے 5 گھنٹے میں تمہیں بھی گولی لگے گی اور تم بھی مروگے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سازش اور ٹولہ بنایا گیا، ارشد شریف نہ بھاگنے والا اور نہ ملک چھوڑنے والا آدمی تھا، ان پر ایف آئی آرز کٹیں لیکن ارشد شریف ملک چھوڑنے کو تیار نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کے اندوہناک قتل کو عمران خان سیاست کیلئے استعمال کر رہا ہے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا، بتایا اور مجبور کیا اور وہ شخصیت تھی، جن پر یقین کرنا بنتا ہے اور ان کو یہاں سے نکال دیا گیا، جب نکال دیا گیا تو وہ دبئی پہنچا۔

فیصل واڈا نے کہا کہ جب وہ دبئی پہنچا تو کہا گیا کہ کسی اسٹیبلشمنٹ یا کسی نامعلوم ادارے نے دبئی سے نکالنے کے لیے دباؤ اور وہاں سے نکال دیا، یہ بھی بالکل بے بنیاد اور جھوٹ ہے، جتنے دن ویزا تھا وہ اتنے دن دبئی میں رہا، جب ویزا ختم ہوگیا تو ان کو دبئی چھوڑنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ بتایا گیا کہ لندن چلے گئے ہیں لیکن وہ لندن بھی نہیں گئے تھے، پھر اس شخص نے جس پر وہ بھروسہ کر رہا تھا اور جو منصوبہ بندی کر رہا تھا اور سازش کر رہا تھا اور جس سازش کے حصے کے اندر آج پورا پاکستان پھنسا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کو کہہ کہ کے تھک گیا ہوں، آستینوں کے سانپ کے بارے میں بتا چکا ہوں، اپنے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بتا چکا ہوں کہ یہ جو سازش رچائی جا رہی ہے، اس کے تانے بانے اور سازش کے فائدے اور مقاصد کچھ اور ہیں، سب کو الٹی پٹڑی پر چڑھا دیا گیا ہے۔

'لانگ مارچ میں خون ہی خون نظر آرہا ہے'

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان پرامن مارچ کرنے جا رہے ہیں، جو ہمارا جمہوری حق ہے لیکن میں واضح طور پر بتا رہا ہوں مجھے اس مارچ کے اندر خون ہی خون، موت ہی موت اور جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں اور وہ جنازے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں معصوم پاکستانیوں کو چند لوگوں کی سازش کے تحت مرنے نہیں دوں گا اپنے آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ ملک میں یہ خون اور لاشوں کا کھیل بند ہو۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا لانگ مارچ مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے، نواز شریف

ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف اپنے مقصد، بیانیے اور سوچ میں ایمان داری سے کھڑا تھا، اس کو موت کا ڈر تھا نہ اس کو پیسے سے خریدا جاسکتا تھا لیکن ان کو جو مقاصد بتائے گئے اس کے پیچھے سازش تھی۔

فیصل واڈا نے کہا کہ میں آئندہ دنوں میں ہفتوں میں نہیں وہ سب پردے چاک کردوں گا، مجھے اب فکر نہیں ہے، اپنے گھر والوں، بیوی بچوں اور ماں باپ کو بتا کر آیا ہوں اگر مجھے کچھ ہوگیا تو تحفے میں ان کی لاشیں بھی ملیں گی، میں حلف میں بتا رہا ہوں۔

'ارشد شریف کو دبئی سے کینیا عام آدمی نہیں بھیج سکتا تھا'

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو دبئی سے کوئی عام آدمی کینیا نہیں بھیجوا سکتا ہے، کینیا کا انتخاب کیوں کیا گیا، کینیا میں ان کو کس نے چھپایا، کینیا کے اندر کس سے رابطوں میں رہا، کینیا میں وہ کیا کرتا رہا ہے، اس کے پس پردہ وہ منصوبہ بندی لوگ ہیں، وہ سازشی اور بے ایمان لوگ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سازشی لوگ ملک کو توڑنا چاہتے ہیں اور میری پارٹی کو نقصان دینا چاہتے ہیں، سیاست کو نقصان دینا چاہتے ہیں اور اپنی خواہشات اور اپنے مفاد کے لیے لوگوں کو مروانے پر تلے ہوئے ہیں، یہ منظم قتل ہے کوئی ڈراما بازی کا نقشہ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہہ رہا ہوں، کوئی ثبوت نہیں ملے گا، نہ ہی کوئی انصاف، اس ملک میں کوئی انصاف کی بات تو کر نہیں سکتا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مارچ کے اندر بھی بے گناہ اور اہم لوگوں کی لاشیں اور خون دیا جائے گا، کسی بھی وقت، ابھی اسی وقت بہت کچھ ہوسکتا ہے کیونکہ منصوبہ بندی کچھ اور ہے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور وہ پاکستان آنے کو تیار تھا، ان کے ساتھ ایسا کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن جن لوگوں نے جن مقاصد اور جس سازش کے تحت اس کی ذہن سازی کی لیکن وہ اپنے مقصد کو ایمان داری سے نبھا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کو جو صحیح لگ رہا تھا وہ کر رہا تھا جو غلط لگ رہا تھا وہ اس کو بتا رہا تھا لیکن پس منظر ایسا کچھ نہیں تھا، یہ ایسی بات ہے کہ میرا چیئرمین مجھے کوئی بات بتا رہا ہے تو میں 99 فیصد اس پر یقین کروں گا ایسے ہی لوگ تھے، جو اس سازشی بیانیے کے ساتھ سازش اور ملک کو سازش اس کٹہرے میں لے گئے جہاں ابھی ایک آدمی شہید ہوا ہے اور ابھی مزید لاشیں گرنی ہیں اور گریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب اہم چیز ہے کہ جب اس کا استعمال ہوگیا اور پاکستان آنے کو تیار ہوگیا تو خوف اور ڈر بٹھایا گیا کہ اس کو مروا دیتے ہیں تاکہ شواہد مٹ جائیں گے اور ایک آگ بھی بھڑک اٹھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ ساری باتیں اس لیے معلوم ہیں جب ارشد شریف سے اس دن سے مسلسل رابطے میں تھا جب وہ ملک سے باہر چلے گئے، میرا موبائل حاضر ہے دنیا کی کسی جگہ فرانزک کے لیے موجود ہے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ صرف اور صرف ایک اور چیز تک نہیں ہے بلکہ کہانی کے پورے مقاصد ابھی پورے حاصل نہیں ہوئے ہیں، ہم جو جائز مارچ کی بات کر رہے ہیں، مارچ کے آڑ میں جو حقیقت سازش رچائی گئی ہے، جو گیم کھیلی جارہی ہے اور چھپن چھپائی کا کھیل چل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق اس کاروباری گھر سے ہے، جن کے تعلقات بینک کے صدر سے لے کر اداروں، محکموں اور پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر منسلک ہیں، میرا فون فرانزک کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ارشد شریف کے ساتھ رابطے میں تھا، ارشد شریف میرے ساتھ رابطے میں تھا، اس کی گواہی اور لوگ بھی دیں گے اگر ان کو اپنی جان کا ڈر نہ ہو۔

ان کہنا تھا کہ یہ جو بیانیہ چلا رہے ہیں اور جو سازش پاکستان کے ساتھ ہو رہی ہے، اس کے کھلاڑی پاکستان کے اندر موجود ہیں اور پاکستان سے بین الاقوامی طور پر منسلک ہیں لیکن یہ وہ سازش نہیں ہے جو میں اور آپ بطور پاکستانی سمجھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے، یہاں تو بہت سارے فرانزک اور شواہد تبدیل ہوتے ہیں اور وہاں سے شواہد مٹ کر آئے ہیں۔

ارشد شریف نے کہا کہ ارشد شریف کو یہاں سے کسی قسم کا خطرہ نہیں تھا، یہاں کی اسٹیبلشمنٹ جس کا ہم نعرہ دیتے ہیں اور بات کرتے ہیں، اس کا ارشد شریف کے ساتھ ایک مثبت تعلق تھا اور وہ رابطے میں تھا اور میں ان رابطوں کے حصوں کا حصہ بھی ہوں کیونکہ میں اور باقی جگہوں پر اپنی پارٹی، اپنے چیئرمین، اپنے ملک اور سیاست کے اندر جو کردار ادا کرسکتا ہوں وہ کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ رات کے اندھیرے میں نہیں کر رہا ہوں، عمران خان کو بھی پتا ہے، جن سے مل رہا ہوں ان کو بھی پتا ہے، جن سے بات کرتا ہوں سرعام بات کر تا ہوں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جو طاقت ور شخصیات اس میں ملوث ہیں وہ مجھ سے دور نہیں ہیں، میں صرف زبانی نہیں بتاؤں گا جب بتانے پر آؤں گا تو ملک کا نظام اور انقلاب جو میرے چیئرمین نے سکھایا ہے کہ حق اور سچ پر کھڑے ہو تو میں آج ارشد شریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان پاکستانیوں کے ساتھ بھی کھڑا رہوں گا جو اگلے چند دنوں میں مرنے والے ہیں، جو کسی کے باپ، کسی کے بچے، کسی کے بھائی اور کسی کے بیٹے ہیں اور ہم سب سے بھی لوگ ہوسکتے ہیں، اہم شخصیات اور کئی لاشیں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں، وہ مارچ کے آڑ میں گریں گی یا اس سے پہلے گریں گی کیونکہ اس کو ایک ایسی افراتفری تک لے جانا ہے کہ ہم کالے کو سفید دیکھنا شروع ہوجائیں، پاکستانی قوم کالے کو سفید مان گئی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شواہد اپنے چیئرمین کو دے سکتا ہوں، سب چیئرمین کو پتا ہے، ایم آئی اور آئی ایس آئی کے ساتھ شیئر کرسکتا ہوں، ہمیں سارے نام سال یا مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں بتاؤں گا۔

ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واضح ہونا چاہیے کہ اگر آج موجودہ اسٹیبلشمنٹ کی بات کرتے ہیں تو وہ بے وقوف ہوگی اگر یہ کام کرے کیونکہ یہ کام تو وہ کرسکتا ہے جس کو فائدہ ملے اور اس کے لیے ان کا اعتبار جیتا گیا ارشد شریف ان لوگوں پر اعتبار کرتا رہا، اسی کے تحت یہاں سے بھگایا گیا اور ان سازشیوں نے ہدایت دی۔

فیصل واڈا نے کہا کہ میں سازشیوں کے نام سالوں یا مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں لوں گا، یہ تو ابھی وارننگ شاٹ ہیں کیونکہ بہت سارے لوگ میری طرف سے نام لینے پر مارے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر چند لوگ ہیں جو اس سازشی بیانیے کو مانتے ہیں لیکن وہ تحریک انصاف کا بیانیہ اور سازش نہیں ہے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ اس وقت میں کسی کی جان بچا رہا ہوں لیکن میں ان سب کا نام لوں گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جن کی جان کو خطرہ ہے، ان کا تعلق تحریک انصاف سے باہر کے لوگ بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہے، جو بھی ملوث ہیں آنے والے دنوں میں سب سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو فائدہ اٹھا رہے ہیں، انہی کے لیے یہ پریس کانفرنس کی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Fahad Oct 26, 2022 10:10pm
پی ٹی آئی سیاست چمکانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ہر وقت لڑائی مارکٹائی پر لوگوں کو اکساتی رہتی ہے ہر وقت ملک میں فساد برپا کرنے کو تیار ہے بس کر دیں یہ مارچ جہاد نہیں بلکہ دہشت گردی کی طرف

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024