• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

میں اور میری بیٹی ڈرامے میں ایک ہی ہیرو کی ہیروئنز بنیں، جویریہ عباسی

شائع October 26, 2022
ماں اور بیٹی نے 2017 میں ایک ہی ڈرامےمیں کام کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
ماں اور بیٹی نے 2017 میں ایک ہی ڈرامےمیں کام کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے بیٹی کے ہمراہ اسکرین پر بھی کام کیا۔

جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کی بیٹی عنزیلہ عباسی بھی ماڈلنگ کے بعد اداکاری میں آئی ہیں اور انہوں نے اب تک ایک درجن کےقریب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

عنزیلہ عباسی اپنے بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بھی بنتی رہتی ہیں، تاہم انہیں اداکار والدین کی بیٹی ہونے کے باعث بھی شہرت حاصل ہے۔

حال ہی میں جویریہ عباسی نے فضا علی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے زندگی کے مختلف معاملات پر بات کرنے کے علاوہ بیٹی کی اداکاری پر بھی بات کی۔

جویریہ عباسی نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا جب کہ وہ شروع سے ہی پڑھائی سے بھاگتی تھیں۔

ان کے مطابق وہ بہت بڑے خاندان میں پیدا ہوئیں، جتنی ان کی خالائیں تھیں، اتنے ہی ان کے ماموں تھے اور وہ ننیال کے ہاں پلی بڑھیں اور نازوں سے انہیں پالا گیا۔

انہوں نے شوبز کیریئر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد اور والدہ لکھاری تھے لیکن انہیں شروع سے ہی اداکاری اور ماڈلنگ کا شوق تھا، اسی لیے انہوں نے آغاز میں انتہائی فضول کام بھی کیے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایسے اشتہارات میں بھی کام کیا، جن میں ان کی جھلک چند سیکنڈ دکھائی گئی اور انہوں نے صرف بوتل کو ایک جگہ سے اٹھا کر دوسری جگہ رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: جویریہ اور انوشے عباسی کی والدہ انتقال کر گئیں

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شوبز میں جگہ بنانے کے لیے انہوں نے درجنوں مختصر کردار ادا کیے اور ایسے منفی کردار بھی کیے جن پر انہیں خود بھی تعجب ہوتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک ایسا کردار بھی ادا کیا تھا، جس میں وہ اپنے شوہر کے لیے دوسری بیوی تلاش کرتی ہیں۔

ان کے مطابق مذکورہ ڈرامے میں وہ امیر خاتون ہوتی ہیں اور خود بچہ پیدا نہیں کرنا چاہتیں، اس لیے وہ شوہر کے لیے غریب خاتون کو بیوی کےطور پر تلاش کرتی ہیں اور انہیں مذکورہ ڈرامے میں انتہائی منفی کردار میں دکھایا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی بیٹی عنزیلہ عباسی کی تعریفیں کیں اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ انہیں شوبز میں اچھا مقام حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ وہ اور ان کی بیٹی ایشیا کی پہلی ماں بیٹی بنیں، جنہوں نے اسکرین پر بھی ایک ساتھ کام کیا۔

مزید پڑھیں: جویریہ عباسی نے سعدیہ امام کو جانی دشمن کیوں ٹھہرا دیا؟

جویریہ عباسی نے بتایا کہ ماضی میں وہ اور ان کی بیٹی ایک ہی ڈرامے میں ایک ہی ہیرو کی ہیروئنز بھی بن چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عنزیلہ اور انہوں نے ’بے بی‘ نامی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کی زائد العمری کا کردار ادا کیا تھا۔

ان کے مطابق ان کی بیٹی کو ڈرامے میں جوان دکھایا گیا تھا جب کہ انہیں جب ڈھلتی عمر کی خاتون دکھایا گیا تو انہیں وہ کردار دیا گیا، یعنی وہ اور ان کی بیٹی ایک ہی ہیرو کی ہیروئنز بنیں۔

خیال رہے کہ ’بے بی‘ کو 2017 میں ’ایکسپریس ٹی وی‘ پر نشر کیا گیا تھا، جس میں جویریہ عباسی اور ان کی بیٹی عنزیلہ عباسی کے والد کا کردار بہروز سبزواری نے ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024