• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

لاہور کی اورنج لائن ٹرین کو 2 سال مکمل، 5 کروڑ مسافروں نے سفر کیا

شائع October 26, 2022
25 اکتوبر2021 سے 25 اکتوبر 2022 تک مسافروں کی تعداد میں 3 کروڑ تک اضافہ ہوا— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار/ایف پی/اے پی پی
25 اکتوبر2021 سے 25 اکتوبر 2022 تک مسافروں کی تعداد میں 3 کروڑ تک اضافہ ہوا— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار/ایف پی/اے پی پی

25 اکتوبر کو لاہور اورنج لائن ٹرین کو 2 سال مکمل ہوگئے اور اس دوران 25 اکتوبر 2020 کو ٹرین کے افتتاح سے لے کر اب تک تقریباً 5 کروڑ مسافرں نے اس ٹرین سے استفادہ کرتے ہوئے سفر کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق لاہور میں اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ کے آپریشن کی ذمہ دار کمپنی کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے قونصل جنرل، چینی انجینئر، پاکستانی عملے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’لاہور میں اورنج لائن ٹرین، بلوچستان میں چیک پوسٹیں بنائی جاتی ہیں‘

اورنج لائن ٹرین کے نمائندے نے بتایا کہ ٹرین نے ڈھائی کروڑ کلو میٹر سفر کیا اور 99.99 فیصد وقت کی پابندی کے ساتھ 2 لاکھ دورے مکمل کیے، کمپنی میں 97 فیصد مقامی عملہ ہے جبکہ اس میں 50 کروڑ مسافروں نے سفر کیا۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیدار نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 25 اکتوبر 2020 سے لے کر 25 اکتوبر 2021 تک 2 کروڑ مسافروں نے سفر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 25 اکتوبر 2021 سے لے کر 25 اکتوبر 2022 تک مسافروں کی تعداد بڑھ کر 3 کروڑ تک پہنچ گئی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مسافر میٹرو ٹرین پر سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تقریب میں اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ کے حوالے سے ویڈیوز دکھائی گئیں اور بہترین کارکردگی پر اسٹاف کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجران تک 26 اسٹیشن سے ہر پانچ منٹ بعد روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک سفر کرتی ہے۔

اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ، چین ریلوے گروپ لمیٹڈ اور چین کی شمالی انڈسٹری کی جانب سے تعمیر کیا گیا جبکہ نورینکو انٹرنیشنل گوانگزو میٹرو گروپ اور ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ پر ٹرین کے آپریشن اور دیکھ بھال کا انتظام ہے، اس پروجیکٹ کی وجہ سے 2 ہزار لوگوں کو ملازمتوں کے مواقع ملے۔

مزید پڑھیں: اورنج لائن عوامی خدمت کا ایک منصوبہ یا ایک ’سفید ہاتھی‘؟

واضح رہے کہ اس پروجیکٹ نے اربن ریل ٹرانزٹ کی کیٹیگری میں سال 2021 کے بہترین برانڈ کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ برانڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سال 2021 کے بہترین سی ای او کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پنجاب ماس ٹرنزٹ اتھارٹی میں تعیناتیاں

پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں نئے اراکین کی تعیناتیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نئے اراکین کی تعیناتی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2015 کی دفعہ 3 (6) (بی) (ڈی) اور (ای) کے تحت کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اورنج لائن ٹرین کا پہلی بار مکمل روٹ پر آزمائشی سفر

جن اراکین کی تعیناتی کی گئی ان میں ریٹائرڈ کرنل غضنفر عباس (ایم پی اے، پی پی 128) جو اتھارٹی کے وائس چئیرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں، غلام علی اصغر خان لہری (ایم پی اے، پی پی پی 80)، چوہدری افتخار حسین گوندل (ایم پی اے، پی پی 81)، شمیم آفتاب (ایم پی اے، ڈبلیو 303)، خدیجہ عمر (ڈبلیو 362)، شعیب شیخ (ہائی نون گروپ کے ڈائریکٹر کمزیومر مارکیٹنگ اینڈ کوآپریٹ کمیونیکیشن)، احسن علی چغتائی (سینئر بینکر اور مالیاتی شعبہ کے ماہر) اور خاور حیات (نیو اسٹاف لائن کوچز کے مینجنگ ڈائریکٹر) شامل ہیں۔

### انسداد تجاوزات آپریشن

لاہور کے علاقے امامیہ کالونی کے قریب پاکستان ریلوے پولیس اور لاہور ڈویژن آفس کی جانب سے انسداد تجاوزات آپریشن کا افتتاح کیا گیا، افسران نے زمین پر قبضہ کرنے والے افراد سے 12 کروڑ مالیت کی 12 کنال کمرشل اسٹیٹ کی زمین حاصل کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا افتتاح کردیا

پاکستان ریلوے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پاکستان ریلوے کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کو بھی گرا دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024