• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

فٹبال ورلڈ کپ 2022ء: اس بار کن ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے؟

شائع November 21, 2022

فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔ پہلے دن جس طرح شاندار افتتاحی تقریب کے بعد ہمیں اچھے میچ دیکھنے کو ملے، اس کے بعد امید یہی ہے کہ شائقین کو ایک کامیاب ایونٹ دیکھنے کو ملے گا۔

جن ممالک نے اس میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اس کے چاہنے والے تو یہی چاہیں گے کہ وہ ایونٹ میں کامیاب ہو، مگر شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے جن کے ممالک نے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا، مگر اس کے باوجود ان کی اس کھیل سے محبت بھی ہرگز کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

ایسے فٹبال شائقین نے ’ورلڈ کپ فیوریٹ ٹیم‘ کی اصطلاح متعارف کروائی اور اب یہ اِس قدر عام ہوچکی ہے کہ فیفا بھی ٹورنامنٹ سے پہلے شائقین میں مقبول فیوریٹ ٹیموں کے نام جاننے کے لیے پولز کرواتا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی فیوریٹ ٹیمیں کون سی ہیں؟

ہر دفعہ کی طرح اِس بار بھی فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کچھ ٹیموں کو فٹبال ماہرین اور شائقین کی جانب سے فیوریٹ قرار دیا جارہا ہے۔

وہ ٹیمیں کونسی ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

ارجنٹینا

ارجنٹینا کی ٹیم، کوپا امریکا جیتنے کے بعد جشن مناتے ہوئے — تصویر:رائٹرز
ارجنٹینا کی ٹیم، کوپا امریکا جیتنے کے بعد جشن مناتے ہوئے — تصویر:رائٹرز

گزشتہ ورلڈ کپ میں فرانس سے شکست کے بعد باہر ہونے والی لیونل میسی کی ارجنٹینا اس بار ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سب سے مضبوط ٹیم تصور کی جا رہی ہے۔ یہ آخری موقع ہے جب لیونل میسی اپنی ٹیم کی عالمی کپ میں نمائندگی کریں گے لہٰذا وہ پوری کوشش کریں گے کہ اپنے ملک کو ورلڈ کپ جتوا کر اپنے شاندار اور بے مثال کیریئر میں فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی شامل کرلیں۔

مسلسل 36 میچوں میں ناقابلِ شکست رہ کر ریکارڈ قائم کرنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ڈی مارییا، ڈیبالا، گومز اور مارٹینز جیسے نامور کھلاڑیوں کی موجودگی میں یہ ٹیم مخالف ٹیموں کے لیے کتنی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اسے سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔

گزشتہ برس کوپا امریکا جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم سے ماہرین اور فٹبال شائقین امید کر رہے ہیں کہ 2022ء ورلڈ کپ جیت کر میسی اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا غیرمعمولی اختتام کریں گے۔

میسی اپنا پانچواں اور آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ ایک اور دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ اگر ارجنٹینا فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی تو یہ لیونل میسی کے فٹبال کیریئر کا ہزارواں میچ ہوگا اور وہ عالمی کپ فائنل جیت کے تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔

برازیل

برازیل گزشتہ تمام عالمی کپ کا حصہ بننے والی دنیا کی واحد ٹیم ہے۔ لیکن یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ برازیل کو کسی یورپی ملک کو ناک آؤٹ مراحل میں شکست دیے اب 20 سال کا عرصہ ہوچکا ہے مگر اس کے باوجود برازیل کو ورلڈ کپ کے لیے فیوریٹ تصور کیا جارہا ہے۔

دنیا بھر میں ٹاپ لیگز میں کھیلنے والے برازیلی کھلاڑی اس کھیل کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ کوالیفائنگ مراحل میں عمدہ کھیل پیش کرنے والی برازیل نے عالمی کپ تک کا سفر باآسانی طے کیا ہے۔

برازیل کے اہم ہتھیار نیمار ہوسکتے ہیں جبکہ تھیاگو سلوا اور ڈینی ایلوس جیسے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم کی کارکردگی پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ وینی جونیئر، مارٹی نیلی، گیبریئل جیسس اور کیسیمیرو ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑی اور تجربہ کار سینیئر کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ اسکواڈ کے اعلان کے ساتھ ہی برازیل کے لیے شائقین کی توقعات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ مگر فارورڈ کھلاڑی فرمینو کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر شائقین نے مایوس کا اظہار کیا۔

نیدرلینڈز

کوالیفائنگ مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی نیدرلینڈز اپنی بھرپور فارم میں ہے۔ لوئس وین گال کی کوچنگ میں نیدرلینڈز کی ٹیم یہ عالمی کپ اپنے ملک لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

نیڈرلینڈز کے کپتان اور بہترین ڈیفینڈر وین ڈائک شائقین کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ بہترین کھیل پیش کرنے والے ڈیپے اور اسٹیون برگوائن نیدرلینڈرز کے اہم کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔

آپ شاید حیران ہوں کہ ہم نے یہاں دفاعی چیمپئن فرانس کو فیوریٹ ٹیموں کی فہرست میں شامل کیوں نہیں کیا، تو اس کی وجہ انجری کا شکار فرانسیسی کھلاڑی ہیں۔ بینزیما، کانٹے اور پوگبا کی عدم موجودگی نے فرانس کے لیے صورتحال کو مختلف کردیا ہے۔

دیگر ممالک کی ٹیمیں جنہیں فٹبال کے مختلف حلقے مضبوط قرار دے رہے ہیں ان میں کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال، ہیری کین کی انگلینڈ، کرسٹین ایرکسن کی ڈینمارک اور لوکا موڈرچ کی کروشیا بھی شامل ہیں۔

فٹبال کی اصل خوبصورتی ہی ٹیموں کی حیرت انگیز کارگردگی میں چُھپی ہے چنانچہ کوئی بھی ٹیم اپنی بہترین پرفارمنس کی بنیاد پر فیوریٹ ٹیموں کا پانسہ پلٹ سکتی ہیں اور کسی بھی مرحلے پر کوئی بھی بڑا اپ سیٹ ہوسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024