• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

صدر عارف علوی کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر جلد حل کرنے کا مطالبہ

شائع October 26, 2022
صدر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر کی پہلی نجی سیاحتی ایئر لائن سروس کا افتتاحی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: آئی این پی
صدر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر کی پہلی نجی سیاحتی ایئر لائن سروس کا افتتاحی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: آئی این پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طور پر مقبوضہ کشمیر کے حل کے لیے پُرعزم ہے اور عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق صدر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے کیئر کلاؤڈ ایم ٹی بی سی کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کی پہلی نجی سیاحتی ایئر لائن سروس کا افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت آگ کے ساتھ کھیل رہا ہے، صدر مملکت

یہ ایئرلائن امریکی ہیلتھ کیئر انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کی ہے جو پورے امریکا میں صحت کی دیکھ بھال اور ہسپتالوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا وعدہ ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا، جلد کشمیر کا پورا خطہ آزاد ہو جائے گا، کوئی بھی پاکستانی اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

واضح رہے کہ کمپنی کا مرکزی ہیڈکوارٹر امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے سمرسیٹ میں واقع ہے جبکہ اس کا آپریشنل ہیڈکوارٹر آزاد کشمیر کے شہر باغ میں ہے جہاں 2 ہزار 500 افراد ملازمت کرتے ہیں جن میں 20 فیصد خواتین شامل ہیں، اس کمپنی کی دیگر شاخیں کراچی، راولپنڈی اور اندرون سندھ کے شہر ہالا میں موجود ہیں۔

افتتاحی تقریب میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم تنویر الیاس، کئیر کلاؤڈ ایم ٹی بی سی کے بانی اور ایگزیکٹو چئیرمین محمود حق، آزاد کشمیر کے سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، وزیر زراعت سردار میر اکبر اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام نے شرکت کی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کا انحصار اقوام متحدہ سمیت عالمی برداری پر ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کا قیام صرف یورپ میں جنگیں روکنے کے لیے عمل میں آیا ہے اور اس کے علاوہ دنیا جو کچھ بھی ہوتا رہے انہیں نظر ہی نہیں آتا۔

مزید پڑھیں:دنیا معاشی فکروں میں پڑی ہے، مسئلہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، عارف علوی

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ آزاد کشمیر قدرتی حسن اور سیاحت کے لامحدود نظاروں سے مالا مال ہے، اس لیے کلاؤڈ ایئرلائن خطے میں سیاحت کو مزید فروغ دینے میں مدد کرے گی۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ترقی پزیر ممالک میں سیاحت مضبوط اور مستحکم معیشت کی بنیاد بن چکی ہے، سیاحت کو کئی ممالک روزگار کے مواقع پیدا کرنے، زرمبادلہ کمانے، ترقی اور مفادات کو حاصل کرنے کا اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کاروبار، وسائل اور سیاحتی سرگرمیوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے علاوہ خطے میں سیاحت کے معاشی، سماجی اور ماحولیاتی اثرات کا بھی جائزہ لینا بہت ضروری ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی شکل میں بے پناہ انسانی وسائل موجود ہیں جو مستقبل میں قومی معیشت کا اثاثہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو سیاحت کے شعبے میں تکنیکی، پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت حاصل کرنے پر ضرورت پر زور دیا تاکہ نوجوانوں بالخصوص خواتین اپنے علاقے میں روزگار حاصل کرسکیں۔

اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیراعظم تنویر الیاس نے کہا کہ ان کی حکومت کا بنیادی مقصد نجی شعبوں میں تعلیم یافتہ اور ہنر مند نواجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے آسانی فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں، صدر مملکت

کیئر کلاؤڈ ایم ٹی بی سی کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین محمود حق نے کہا کہ کشمیر ایئر سیاحتی ایئر لائن کے طور پر کام کرے گی، ایئرلائن نے سیاحت کی ترقی اور ریجنل انٹیگریشن (ٹی پی آر آئی) کا لائسنس حاصل کیا ہے، جس کی وجہ سے سیاحوں کو اسلام آباد اور دیگر علاقوں سے آزاد جموں اور کشمیر میں مواقع حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر اسلام آباد سے باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد تک چلائی جائے گی، اس کے بعد پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان تجارتی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024