• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

عمران خان کے علاوہ ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

شائع October 24, 2022
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے — فائل/فوٹو: ڈان
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے — فائل/فوٹو: ڈان

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے علاوہ قومی اور پنجاب اسمبلی کے حلقوں میں منعقدہ ضمنی انتخابات کے کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ای سی پی کی جانب سے این اے-237 ملیر کراچی سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کامیاب امیدوار عبدالحکیم بلوچ، این اے-157 ملتان سے پی پی پی امیدوار علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی کی 8، پی پی پی کی 2، مسلم لیگ(ن) کی ایک نشست، غیرحتمی نتیجہ

پنجاب اسمبلی کے تینوں حلقوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیے گئے ہیں، جن میں پی پی-139 شیخوپورہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چوہدری افتخار احمد، پی پی-2019 سے کامیاب پی ٹی آئی امیدوار محمد فیصل خان اور پی پی-241 بہاولنگر سے جیتنے والے پی ٹی آئی امیدوار ملک محمد مظفر خان شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی 6 حلقوں سے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔

قومی اسمبلی کی ایک نشست پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر خالی ہوئی تھی جبکہ دیگر 7 حلقوں پر ووٹنگ پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے اپریل میں دیے گئے استعفوں کے باعث ہوئی تھی۔

عمران خان میانوالی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے ڈی نوٹیفائی کردیا۔

ای سی پی نے این اے-95 میانوالی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس: الیکشن کمیشن نےعمران خان کی نااہلی کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ عمران خان نے مبہم بیان جمع کروایا اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن137، 167 اور 173 کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن میں غلط بیان اور ڈیکلیریشن جمع کروایا تھا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بینک اکاؤنٹ میں موصول رقم تحائف کی متعین قیمت سے مطابقت نہیں رکھتی، عمران خان نے دانستہ طور پر حقائق چھپائے۔

ای سی پی نے تحریری فیصلے میں بتایا کہ عمران خان کے مطابق تحائف 2 کروڑ 15 لاکھ 64 ہزار میں خریدے جبکہ کابینہ ڈویژن کے مطابق تحائف کی مالیت 10 کروڑ 79 لاکھ 43 ہزار تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024