• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

صحافی ارشد شریف کے ’قتل‘ پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

شائع October 24, 2022
شوبز شخصیات نے ارشد شریف کے قتل کو صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شوبز شخصیات نے ارشد شریف کے قتل کو صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے افریقی ملک کینیا میں ’قتل‘ پر پاکستان کی شوبز، میوزک و فیشن سے وابستہ شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے قتل کو صحافت کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے قریب کینیائی پولیس نے ارشد شریف کی کار پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ سر پر گولی لگنے سے چل بسے۔

صحافی و اینکر پرسن کے قتل پر پاکستان کی حکومتی، سیاسی، سماجی و اہم شخصیات نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری شخصیات کی طرح شوبز شخصیات نے بھی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے قتل کو پاکستانی صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ان کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی اور لکھا کہ انہوں نے بریکنگ نیوز سے لے کر سیاسی و معاشی بدحالی کی خبریں بھی غیر جانبدارانہ طور پر عوام تک پہنچائیں۔

عدنان صدیقی نے لکھاکہ ارشد شریف کا قتل پاکستانی صحافت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

ان کی طرح گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے بھی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ ٹوئٹ کی۔

موسیقار روحیل حیات نے اینکر و صحافی کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت کی بھی دعا کی۔

اداکارہ سجل علی نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے دل کے ایموجی کے ساتھ ٹوئٹ کی۔

اداکار منیب بٹ نے اینکر و صحافی کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارشد شریف ہم شرمندہ ہیں‘ جب کہ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ مین ارشد شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں خبر پر یقین نہیں آ رہا کہ صحافی اب ہم میں نہیں رہے۔

گلوکار و موسیقار شہزاد رائے بھی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اب تک خبر پر یقین نہیں ہو رہا۔

ماڈل و اداکار ازکا ڈینیئل نے بھی ارشد شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور لکھا کہ وہ صحافی سے متعلق خبر سن سکتے میں آگئیں، انہوں نے اٹھتے ہی سب سے بری خبر سنی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں صحافی کو غیرجانبدارانہ عوام کی حقیقی آواز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کچھ قوتیں جو ان کی غیر جانبداری سے خائف تھیں، پہلے انہوں نے انہیں جلا وطن ہونے پر مجبور کیا اور اب انہیں ہی نہ رہنے دیا۔

انہوں نے ارشد شریف کے قتل کو قومی نقصان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ جس صحافی کو ان کی خدمات پر صدارتی ایوارڈ ملا، اسے قتل کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں مگر حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

ان کی طرح اداکارہ مریم نفیس نے بھی ارشد شریف کے قتل پر جذباتی پیغام لکھا کہ پاکستان انہیں کبھی بھلا نہیں پائے گا، انہوں نے اپنی زندگی میں بہترین سے بہترین کام کرنے کی کوشش کی۔

مذکورہ شخصیات کے علاوہ بھی دیگر شوبز، میوزک و فیشن سے وابستہ شخصیات نے ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں غیر جانبدار اور بہادر صحافی قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024