• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

معروف صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کینیا میں ’قتل‘

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن حکام سے معلومات حاصل کر رہا ہے —فوٹو: فیس بک
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن حکام سے معلومات حاصل کر رہا ہے —فوٹو: فیس بک

معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔

ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’آج میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا، پولیس نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں اپیل کی کہ ’ہماری پرائیویسی کا احترام کریں اور بریکنگ نیوز کے نام پر برائے مہربانی ہماری فیملی کی تصاویر، ذاتی تفصیلات اور ارشد شریف کی ہسپتال میں لی جانے والی آخری تصاویر شیئر نہ کریں‘۔

دونوں ممالک کے حکام نے تاحال ارشد شریف کی ہلاکت کے اسباب کی تصدیق نہیں کی ہے، چند پاکستانی میڈیا ہاؤسز نے پہلے اطلاع دی تھی کہ ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے لیکن بعد میں کہا گیا کہ ان کی موت ایک حادثے میں ہوئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: ایف آئی اے کو صحافی ارشد شریف کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت

دریں اثنا کینین میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت کا واقعہ پولیس کی جانب سے شناخت میں ’غلط فہمی‘ کے نتیجے میں پیش آیا۔

کینیا کی مقامی نیوز ویب سائٹ ’دی اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا کہ ارشد شریف اور ان کے ڈرائیور نے ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کی جس پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی، سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ارشد شریف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

وزیراعظم کی کینیا کے صدر کو فون

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کرکے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی غیرجانب دارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور میت کی واپسی کا عمل تیز بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم نے پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا اور میت کی جلد وطن واپسی کے لیے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی۔ بیان کے مطابق کینیا کے صدر نے کہا کہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد فراہم کرنے اور میت کی واپسی کا عمل فوری مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

کینیا میں پاکستانی حکام نے ارشد شریف کی میت کی شناخت کرلی

دریں اثنا وزارت خارجہ کی جانب سے ارشد شریف کی ناگہانی موت پر گہرے رنج اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کینیا میں پاکستانی حکام نے ارشد شریف کی میت کی شناخت کرلی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو آج صبح ارشد شریف کی موت کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی، ہائی کمشنر نے حکام، وزارت خارجہ اور دیگر محکموں کے سینئر حکام سے رابطہ کیا، تصدیق کے لیے نائب صدر کے دفتر سے بھی رابطہ کیا گیا اور کینیا میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو بھی متحرک کیا گیا۔

بیان کے مطابق ہائی کمیشن کو بتایا گیا کہ ارشد شریف کی لاش نیروبی کے سرد خانے میں ہے، افسران کے ہمراہ ہائی کمشنر وہاں پہنچے اور ارشد شریف کی لاش کی شناخت کی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ارشد شریف کے اہل خانہ کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پولیس رپورٹ سمیت مزید کارروائی کا انتظار ہے، کینیائی حکام کے تعاون سے ہائی کمیشن ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔

یہ انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ ہے،مریم اورنگزیب

قبل ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کینیا میں پاکستان کی سفیر سیدہ ثقلین، کینیا کے پولیس حکام اور ڈاکٹرز اس وقت نیروبی میں مردہ گھر میں موجود ہیں، پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی ہے جس کے بعد اب میت کی واپسی کے لیے قانونی عمل شروع کردیا گیا ہے‘.

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس وقت میت کی شناخت اور وطن واپسی کے لیے قانونی کارروائی کی جارہی ہے، کینیا کے حکام کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

ارشد شریف کے گھر کے باہر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، ارشد شریف کی موت کینیا میں ہوئی، یہ نیروبی سے ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے، جو شخص گاڑی چلا رہا تھا وہ لوکل بندہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہماری سفیر وہاں موجود ہیں،مورچری میں سفیر اور کینیا کے اعلی حکام موجود ہیں، ہدایت کی گئی ہے کہ اس عمل کو جلد مکمل کیا جائے، وزارت داخلہ وہاں سے میت لانے کے حوالے سے تیز تر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی وزیر اعظم کی ارشد شریف کی والدہ سے بات ہوئی ہے، ابھی کینیا کی پولیس کی جانب سے کوئی آفیشل بیان نہیں آیا، اس موقع پر گندی سیاست نہ کی جائے، ارشد شریف کے اہل خانہ کو یقین دلایا گیا تھا کہ پوری تفتیش ذمہ دارانہ طریقے سے کی جائے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد ہی سارے معاملات مکمل ہوں گے، کینیا سرکاری مؤقف آنے تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، یہ معاملہ سیاست سے بالا تر ہے، اس پر سیاست کرنا گناہ کے زمرے میں آتا ہے، کسی کو گندی سیاست نہیں کرنی چاہئے، ایک گھنٹے تک افسران بتائیں گے تو میڈیا کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ ارشد شریف کی ہلاکت سے متعلق حقائق جاننے کے لیے کینیا کی حکومت سے رابطہ کیا ہے اور اس سلسلے میں نیروبی میں موجود پاکستانی سفارت خانہ مکمل معاونت کر رہا ہے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا تھا کہ کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن حکام سے معلومات حاصل کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ارشد شریف موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے شدید ناقد تھے، رواں برس کے آغاز میں مختلف شہروں میں ان کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے بعد وہ پاکستان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی، قرارداد منظور

قومی اسمبلی کے اجلاس میں معروف صحافی ارشد شریف کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جہاں جماعت اسلامی کے رکن عبد الاکبر چترالی نے فاتحہ خوانی کروائی۔

صحافیوں نے ارشد شریف کے قتل کے خلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن اسمبلی اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں ارشد شریف کے قتل پر مذمتی قرارداد پیش کی، جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان سینئر صحافی ارشد شریف کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ بھی کرتا ہے کہ اس واقعے کی غیرجانب دارانہ تحقیقات کروائی جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان ارشد شریف کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کرتا ہے۔

وزیراعظم کا کینیا کے صدر کو ٹیلی فون، واقعے پر اظہار تشویش

وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا ، وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بات کی۔

اس دوران وزیراعظم نے واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا اور پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے مرحوم ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی کے لئے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست بھی کی۔

اس موقع پر کینیا کےصدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور انصاف کے تقاضے پورےکرنے کے ساتھ تحقیقاتی رپورٹ جلد جاری کرنے کی یقین دہائی بھی کرائی اور یقن دلایا کہ ارشد شریف کی میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنایا جائے گا۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی میت کی وطن واپسی کے لئے وزارت خارجہ اور داخلہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹریز کو کینیا کے حکام سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا اور ہدایت کی میت کی وطن واپسی کے تمام مراحل کی وہ ذاتی طور پر نگرانی کریں۔

صدر و وزیر اعظم، صحافی برادری کی جانب سے اظہارِ تعزیت

معروف صحافی کے انتقال پر ان کے ساتھیوں، صدر اور وزیر اعظم، صحافی برادری اور سیاستدانوں کی جانب سے اظہار تعزیت کیا جارہا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ارشد شریف کی وفات کو صحافت اور پاکستان کے لیے عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ارشد شریف کی روح کو سکون ملے اور اللہ ان کے خاندان اور چاہنے والوں کو اس نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ دے‘۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’صحافی ارشد شریف کی المناک موت کی خبر پر شدید افسردہ ہوں، اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘۔

یہ بھی پڑھیں: اے آر وائی کے صحافی ارشد شریف سے 'راستے جدا'

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سینیئر صحافی ارشد شریف کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر صدمہ ہوا جس نے سچ بولنے کی آخری قیمت اپنی جان کی صورت میں ادا کی، انہیں ملک چھوڑ کر بیرون ملک روپوش ہونا پڑا لیکن وہ طاقتوروں کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر سچ بولتے رہے، آج پوری قوم ان کی وفات پر سوگوار ہے‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ارشد شریف کے اپنے بیانات اور دیگر ذرائع سے ملنے والے شواہد کی جانچ کے لیے ایک مناسب عدالتی تحقیقات کا آغاز کیا جانا چاہیے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’ہم سفاکیت کی اس سطح پر آچکے ہیں جو مہذب معاشرے میں نامعلوم ہے، اس سطح پر ہمیں ان طاقتوروں نے دکھیلا جو غلط کام پر تنقید اور اسے بے نقاب کرنے کی جرأت رکھنے والوں کے خلاف ہیں‘۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی سینئر صحافی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہرا دکھ ہے، اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے درجات بُلند کرے‘۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پاکستان میں ارشد شریف طویل عرصے تک نجی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ سے منسلک رہے، اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’مجھے اب تک اس خبر پر یقین نہیں آرہا، میرے پاس کہنے کو کوئی الفاظ نہیں رہے، اللہ ارشد شریف کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘۔

اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن کاشف عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے بھائی، میرے دوست، میرے ساتھی ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، میں اب بھی یقین نہیں کر سکتا، یہ خبر دل ٹوٹنے سے بھی زیادہ اذیت ناک ہے، یہ بہت غلط اور تکلیف دہ ہے‘۔

جیو نیوز کے اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ وہ یہ افسوسناک خبر سن کر انتہائی دکھی ہیں۔

ہم نیوز کی اینکر پرسن مہر بخاری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ارشد شریف اب نہیں رہے، وہ صرف ایک ساتھی نہیں بلکہ بھائی کی طرح تھے، اسلام آباد سے ماسکو تک، دنیا نیوز سے اے آر وائی تک، میں نے ان جیسا مہذب انسان نہیں دیکھا، بہت کم عمری میں بہت بے دردی سے انہیں گولی مار کر قتل کر دیا گیا‘۔

سینیئر صحافی کامران خان اور شہباز رانا نے ارشد شریف کی وفات اور ان کو قتل کیے جانے کے دعووں کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ارشد شریف کے قتل پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ‘ارشد شریف ایک اچھے صحافی تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ پاک مرحوم ارشد شریف کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے‘۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر، سینیٹر اعظم سواتی اور اسد قیصر نے بھی ارشد شریف کی موت کی خبر پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس پولیس نے ارشد شریف، اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال، نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے سربراہ عماد یوسف، اینکر پرسن خاور گھمن اور ایک پروڈیوسر کے خلاف 8 اگست کو پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے چینل پر نشر کیے گئے ایک متنازع انٹرویو پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا تھا۔

ایک روز بعد وزارت داخلہ نے اس فیصلے کی وجہ کے طور پر'ایجنسیوں کی طرف سے منفی رپورٹس' کا حوالہ دیتے ہوئے چینل کا این او سی کا سرٹیفکیٹ منسوخ کردیا تھا اور اس کے بعد ارشد شریف ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

بعد ازاں ’اے آر وائی نیوز‘ نے کوئی خاص وجہ کا حوالہ دیے بغیر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ارشد شریف سے 'راستے جدا' کرلیے ہیں اور توقع ظاہر کی تھی کہ سوشل میڈیا پر ان کے ملازمین کا رویہ ادارے کے قواعد کے مطابق ہو۔

تبصرے (1) بند ہیں

Tahir Rafique Oct 24, 2022 11:19am
Pakistani journalist shot dead by police at roadblock in Kajiado The police said it was a case of “mistaken identity”

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024