• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ملک کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے والے ہیروز کون ہیں؟

شائع October 29, 2022

اسلام آباد کے سیکٹر جی 8 میں واقع وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفتر میں ہیجان کی فضا تھی۔ پورا دفتر شیشے کی طرح چمک رہا تھا۔ عملہ بھی خوب سوٹڈ بوٹڈ تھا، کئی کی وردیاں بھی نئی تھیں۔ عملے کے چہرے جوش و خروش سے دمک رہے تھے۔ وہی جوش جو کسی نتیجہ خیز آخری معرکے سے پہلے سرحد پر کھڑے کسی سپاہی کے چہرے پر ہوتا ہے۔ لیکن ساتھ آنکھوں میں خوف کے سائے بھی تھے۔

یوں تو افسران اور سرکاری ملازمین کے لیے امتحان ایک معمول کی کارروائی ہے لیکن اس دن ان کی زندگی کا سب سے منفرد اور اہم امتحان تھا۔ انہیں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں 13 لوگوں کو قائل کرنا تھا اور انہی افسران کی کارکردگی کی بنا پر ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہونا تھا۔

اس دورے میں یہ فیصلہ کیا جانا تھا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر کرنا ہے یا نہیں۔ دراصل پاکستان نے یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر عمل کرلیا گیا ہے اور اس کی تصدیق کے لیے ایف اے ٹی ایف کا وفد ایف آئی اے کے دفتر کا دورہ کرنا چاہتا تھا۔

مزید پڑھیے: پاکستان کی ایف اے ٹی ایف ’گرے لسٹ‘ میں شامل ہونے اور نکلنے کی تاریخ

پھر سائرن چنگھاڑنے شروع ہوئے اور 13 افراد پر مشتمل ممتحن، خاص گاڑیوں میں ایف آئی اے کی عمارت میں داخل ہوئے تو عملے کی سانسیں رک گئیں۔ سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ کے سربراہ عبدالقادر قمر نے ٹشو سے اپنے ماتھے پر چمکتے پسینے کو صاف کیا تو اپنی پُراعتمادی کے لیے مشہور سمیرا اعظم بھی ایک لمحہ کو گڑبڑا گئیں۔

یورپی، امریکی اور ایشیائی افراد پر مشتمل یہ 13 رکنی وفد عمارت میں داخل ہوا اور جلد ہی ایف آئی اے کے عملے سے گھل مل گیا۔ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم جس نے کچھ لمحوں کی بریفنگ لے کر کوئی آدھا گھنٹہ سوالات کرنے تھے وہ ایف آئی اے کے اہلکاروں سے اتنا متاثر ہوئے کہ سوال و جواب قریباً گھنٹہ بھر جاری رہے۔ سوال و جواب کے دوران ہی افسران کو یقین ہوگیا تھا کہ وہ وفد کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ یہ ایک بڑی کامیابی تھی۔

یہ واجد ضیا، احسان صادق، عبدالقادر قمر، بریگیڈیئر سلیمان، سمیرا اعظم، نازیہ عمبرین، ایاز خان، محسن حسن بٹ، محمد طاہر رائے، خرم، انسپیکٹر شاہ رخ اور دوسرے سیکڑوں اہلکاروں کی کامیابی تھی جو گزشتہ 4 سال ان اقدامات میں مصروف رہے جن سے پاکستان پر لگے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ جیسے الزامات کا خاتمہ ہوا۔ یہ میرے اور آپ کے ہیرو ہیں، یہ پاکستان کے ہیرو ہیں۔

مزید پڑھیے: ایف اے ٹی ایف کیا ہے اور پاکستان کی معیشت سے اس کا کیا تعلق ہے؟

پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی میں مالی معاونت کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کا جواز بناتے ہوئے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کردیا تھا۔ گرے لسٹ کا مطلب اقتصادی پابندی نہیں ہوتا لیکن گرے لسٹ میں شامل ممالک پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا دروازہ بند ہونے لگتا ہے اور انہیں بین الاقوامی مالیاتی اداروں بشمول آئی ایم ایف سے قرض لینے میں مشکل ہوتی ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے اس کا مطلب مشکلات میں اضافہ تھا۔

پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ پاکستان کے دیرینہ اتحادی امریکا کی جانب سے آیا تھا۔ بھارت کا الزام رہا ہے کہ پاکستان کی جیش محمد اور دوسری تنظیمیں بھارت کی سرزمین پر دہشتگردی کرتی رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان پر دوسرے ممالک سے امداد لے کر اسے امریکا مخالف مجاہدین پر خرچ کرنے کا الزم بھی عائد کیا جاتا ہے۔

اس معاملے میں اگر 3 ممالک بھی پاکستان کی حمایت کرلیتے تو پاکستان گرے لسٹ سے باہر رہ سکتا تھا، لیکن امریکا نے پاکستان کے دوست ممالک سعودی عرب، چین اور ترکی کو مجبور کردیا کہ وہ پاکستان کے حق میں ووٹ نہ دیں۔ اس ضمن میں چین کو ایف اے ٹی ایف کی نائب صدارت کی لاچ دی گئی تو سعودی عرب سے بھی رکنیت کے وعدے کیے گئے۔

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل کے لیے انکم ٹیکس، نیب، ایف آئی اے، اے این ایف اور کسٹمز کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم بنائی۔ فوج کی جانب سے ڈی جی ایم او اس ٹیم کا حصہ تھے۔ اس ٹیم کی سربراہی پہلے نیب کو دی گئی لیکن پھر ایف آئی اے کو قیادت سونپ دی گئی۔

ایف آئی اے میں واجد ضیا اور احسان صادق نے دن رات کام کرکے ایک ٹیم بنائی۔ احسان صادق بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ اس میں شامل تھے۔ وہ چونکہ منی لانڈرنگ پر کام کرچکے تھے اور بیرونِ ملک سے بھی تربیت یافتہ تھے لہٰذا اسٹریجک سطح پر انہوں نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ اس حوالے سے تمام طریقہ کار وضع کرنا اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ان کا اہم کارنامہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی پیشہ وارانہ کارکردگی کی وجہ سے ڈی جی ایم او برگیڈیئر سلیمان بھی ان کی تقلید کرتے تھے۔

مزید پڑھیے: ڈیفالٹ ہونے کے بعد کیا ممالک دوبارہ ترقی کرسکتے ہیں؟ جواب ہے جی ہاں!

محدود وسائل میں پورے ملک سے چندوں کے ڈبے اٹھانا، تمام غیر حکومتی تنظیموں کو ایک طریقہ کار کے دائرے میں لانا، ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانا، پورے ملک میں موجود منی چینجرز کو قانون کا تابع بنانا اور ملک سے ہنڈی اور حوالے کا خاتمہ اور پرائز بانڈز و لاٹری کے ملک کے کونے کونے میں پھیلے دھندے کو لپیٹنا کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ جہاں غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کو قانون کے شکنجے میں لایا گیا وہیں ان غیر ملکی تنظیموں کے لیے بھی سخت طریقہ کار وضع کردیا گیا جو ملکی سالمیت کے خلاف مبیّنہ طور پر کام کر رہی تھیں۔ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے پاکستان میں سیو دا چلڈرن، ٹروکیئر اور امریکی این جی او سولیڈیریٹی سینٹر اور دیگر کو ملک میں کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

احسان صادق نے بڑی محنت سے ٹیم تیار کی اور بڑی جانفشانی سے اس کی تربیت کی۔ ان کی ٹیم میں سمیرا اعظم، نازیہ عمبرین، ایاز خان، خرم اور انسپیکٹر شاہ رخ شامل تھے۔ 4 سالوں میں کئی افسران تبدیل ہوتے رہے اور نئے شامل ہوتے رہے۔ ان تمام گمنام ہیروز نے اپنی ذات سے بالا تر ہوکر دن رات کام کیا۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا جشن مناتے ہوئے ان گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا نہ بھولیں۔

عاطف خان

صاحب تحریر صحافی ہیں اور ملکی اور غیر ملکی اداروں کے لیے خدمات دے چکے ہیں۔ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ یہ ہے: atifjournalist@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

نواز Oct 29, 2022 10:13pm
بلاول خوامخواہ کا کریڈٹ لے رہا ہے۔
Javed Shah Oct 30, 2022 09:14pm
محترم آپ نے FIA افسران کا ذکر تو کیا ہے لیکن اس میں محکمہ کسٹم، ANF، NAB، اور صوبائی CTDs کے افسران بھی شامل تھے جن کا اس آرٹیکل میں کوئی ذکر نہیں ہے۔
یمین الاسلام زبیری Nov 01, 2022 12:50am
آپ سے سہمت ہوں

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024