• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پہلے ہفتے 80 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم

شائع October 22, 2022
فلم 13 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
فلم 13 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 80 کروڑ روپے کماکر پاکستانی سینما کی نئی تاریخ رقم کردی، وہ ایک ہفتے میں ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی فلم بن گئی۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو گزشتہ ہفتے 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ریلیز کیا گیا تھا، فلم کو پوری دنیا میں ایک ہزار کے قریب اسکرینز پر دکھایا گیا۔

فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 10 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جب کہ فلم نے محض 5 دن میں 50 کروڑ روپے کماکر نئی تاریخ رقم کی تھی۔

پاکستانی سینما کی تاریخ میں آج تک کسی فلم نے پانچ دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے جب کہ اب اس فلم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ایک ہی ہفتے میں 80 کروڑ روپے کماکر نیا اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 50 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کی ایک ہفتے کی کمائی سے متعلق پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے دنیا بھر سے 36 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 80 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

فلم نے سب سے زیادہ کمائی مقامی باکس یعنی پاکستان سے ہی کی، فلم نے ملک سے ایک ہی ہفتے میں 10 لاکھ امریکی ڈالرز کے قریب کمائی کی، دوسرے نمبر فلم نے خلیجی ممالک سے پیسے بٹورے۔

ایک ہی ہفتے میں 80 کروڑ روپے کمانے کے بعد فلم نے اپنے بجٹ سے زیادہ پیس بٹور لیے، رپورٹس کے مطابق فلم کو 50 سے 60 کروڑ روپے میں بنایا گیا تھا۔

یہ پاکستان کی مہنگی ترین فلم بھی ہے، کیوں کہ آج تک کسی فلم کو بنانے میں اتنی رقم نہیں لگی۔

فلم کی ریکارڈ کمائی کے بعد ٹیم نے اعلان کیا کہ اب دنیا بھر میں اسے مزید 100 اسکرینز پر بھی دکھایا جائے گا، جس کے بعد فلم مجموعی طور پر ایک ہزار اسکرینز تک دکھائی جانے والی پہلی فلم بھی بن جائے گی۔

مزید پرھیں: 92 کے ورلڈ کپ کے بعد ’مولا جٹ‘ پاکستان کیلئے سب سے اچھی چیز ہے، یاسر حسین

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اسے پاکستان کے مقابلے بیرون ممالک میں زیادہ اسکرینز پر دکھایا جا رہا ہے، کیوں کہ پاکستان میں سینما ہی کم ہیں جب کہ مہنگے ٹکٹس ہونے کی وجہ سے یہاں کے بعض سینماؤں نے اسے ریلیز کرنے سے بھی معذرت کرلی تھی۔

دو روز قبل فلم کے ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا نے بتایا تھا کہ فلم کو بنانے میں بہت پیسے لگے، جس وجہ سے ملک میں فلم کی ریلیز کے پہلے ہفتے اس کے ٹکٹس 200 روپے تک مہنگے بیچے گئے۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے، جس میں حمزہ علی عباسی، فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک سمیت دیگر افراد نے کام کیا، اس کی ہدایات بلال لاشاری نے دیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

نواز Oct 22, 2022 03:56pm
ثابت ہوا کہ عوام اب بھی مولا جٹ والی فلموں کی ذہنیت والی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024