• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر، آئرلینڈ کامیاب

شائع October 21, 2022
اسٹرلنگ اور ٹکر نے 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی — فوٹو: اے ایف پی
اسٹرلنگ اور ٹکر نے 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی — فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا اور سپر 12 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: شان مسعود پریکٹس کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی کھل کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہی اور برینڈن کنگ کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز آئرش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔

برینڈن کنگ نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جانسن چارلس نے 24 اور اوڈین اسمتھ نے 19 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، آئرلینڈ کے گیرتھ ڈیلینی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز کے کوٹے میں 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا اور 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑ کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

ویسٹ انڈیز کو پہلی اور واحد کامیابی آٹھویں اوور میں ملی جب کپتان اینڈریو بلبرائن 3 چھکوں اور دو چوکوں سے مزین 37 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد تجربہ کار پال اسٹرلنگ کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو 18ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اسٹرلنگ اور ٹکر نے 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلا دی، اسٹرلنگ نے 66 جبکہ ٹکر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات کی نمبیبیا کے خلاف جیت، نیدرلینڈز سپر12 مرحلے میں پہنچ گیا

اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم نے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

16 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر گیرتھ ڈیلینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024