• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ٹی20 ورلڈکپ: روایتی حریف پاک-بھارت ٹیموں کے درمیان میچ بارش سےمتاثر ہونے کا خدشہ

شائع October 20, 2022 اپ ڈیٹ October 21, 2022
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا—فوٹو: میلبورن کرکٹ کلب/ فیس بک
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا—فوٹو: میلبورن کرکٹ کلب/ فیس بک

ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار (23 اکتوبر)کو میلبورن میں شیڈول بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جہاں خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق میلبورن میں 23 اکتوبر کو بارش کے 95 فیصد امکانات ہیں اور زیادہ دوپہر یا شام کو ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف میچ بڑا ہے لیکن ہر ٹیم پر توجہ دینی ہوگی، بھارتی کپتان

روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ آسٹریلیا کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے اور عالمی معیار کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے علاوہ ہفتے کو شیڈول میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین ہونے والا میچ بھی بارش کے زیر اثر آنے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان برسبین میں کھیلا گیا وارم اپ میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا اور مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند کا کھیل بھی ممکن نہیں ہوا تھا۔

اسی طرح افغانستان اور پاکستان کا وارم اپ میچ بھی اسی طرح بارش کی نذر ہوگیا تاہم اس میچ میں قومی ٹیم نے اپنی بیٹنگ مکمل کی تھی جبکہ افغان ٹیم کی اننگز نامکمل رہی تھی۔

کرک انفو کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک میچ کے لیے 5 اوورز کا کھیل ضروری رکھا گیا ہے اور گروپ مرحلے میں میچوں کے لیے کوئی ریزرو دن نہیں ہوگا تاہم سیمی فائنل اور فائنل کے لیے اضافی دن ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم مڈل آرڈر کی پرفارمنس سے مطمئن، ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرامید

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں کھیلا جارہا ٹی20 ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ 22 اکتوبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ سے ہوگا اور 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

میزبان آسٹریلیا ٹی20 ورلڈ کپ کی دفاعی چمپیئن ہے، جس نے ارون فنچ کی قیادت میں 2021 میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹی20 ورلڈ کپ میں فتح حاصل کرلی تھی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف ریکارڈ مایوس کن ہے تاہم بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے گزشتہ برس تاریخ میں پہلی مرتبہ اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی ٹیم کو دبئی میں شکست دی تھی۔

پاکستان نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی 20 میں بھی بھارت کو شکست دی ہے۔

بھارت کو ٹی20 کی مضبوط ٹیموں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے تاہم کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے جس سے ہم میگا ایونٹ میں اپنی مہم شروع کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہم خود کو بہت پرسکون رکھنا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024