• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان کے خلاف میچ بڑا ہے لیکن ہر ٹیم پر توجہ دینی ہوگی، بھارتی کپتان

شائع October 20, 2022
بھارت، پاکستان کے خلاف بڑے مقابلے سے میگا ایونٹ میں اپنی مہم شروع کر رہا ہے — بی سی سی آئی ٹوئٹر
بھارت، پاکستان کے خلاف بڑے مقابلے سے میگا ایونٹ میں اپنی مہم شروع کر رہا ہے — بی سی سی آئی ٹوئٹر

آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے لیے مضبوط تصور کی جانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہمیں ورلڈ کپ جیتے کافی وقت ہو چکا ہے اور اس مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

ٹی 20 میگا ایونٹ کا پہلا چیمپئن بھارت، متحدہ عرب امارات میں گزشتہ سال کے ٹورنامنٹ میں ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہا تھا جب کہ 2011 میں اپنی سرزمین پر 50 اوورز کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد سے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکا ہے۔

پہلی مرتبہ کسی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان روہت شرما نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ورلڈ کپ جیتے کافی وقت ہوچکا۔

انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ ہمارا مقصد اور منصوبہ صرف ورلڈ کپ جیتنا ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ اس منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کرکٹ پر چھائے بادل ختم کرنے کیلئے مختصر گفتگو

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ٹورنامنٹ میں بھارت، پاکستان کے خلاف اپنا ابتدائی میچ ہار گیا تھا، اس کے بعد اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس طرح وہ سپر 12 مرحلے سے باہر ہوگیا تھا۔

روہت شرما نے کہا کہ ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ کے ہر میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ہم زیادہ دور کا نہیں سوچ سکتے، اصل میں آپ ابھی تو سیمی فائنل اور فائنل کھیلنے کے بارے میں بھی نہیں سوچ سکتے۔

اوپننگ بلے باز روہت شرما خود بھی ان دنوں آؤٹ آف فارم نظر آرہے ہیں جس کے باعث ان کی ٹیم بھی تشویش کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں: جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی، منفی اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی

انہوں نے کہا کہ آپ کو صرف اس ٹیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جس کے خلاف آپ مدمقابل ہونے جارہے ہیں، اپنی بہترین صلاحیتوں کے اظہار کی پوری کوشش کریں، ہر ٹیم کے خلاف اچھی تیاری کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

23 اکتوبر بروز اتوار کو پاکستان کے خلاف بھارت کے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، لیکن روہت شرما کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے دوران جذبات کی رو میں نہیں بہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا آئندہ سال ایشیا کپ میں شرکت کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے جس سے ہم میگا ایونٹ میں اپنی مہم شروع کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہم خود کو بہت پرسکون رکھنا چاہتے ہیں اور پوری توجہ اپنی انفرادی کارکردگی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہی ہمارے لیے سب سے اہم چیز ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میچ کے دوران کھلاڑی خود کو پرسکون اور پراعتماد رکھ سکیں تو ہم وہ نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں جس کی ہم تلاش کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024