• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’ٹچ بٹن‘ کی پروموشن کے دوران عروہ حسین اور فرحان سعید کا محتاط انداز

شائع October 19, 2022
دونوں کے درمیان دو سال سے علیحدگی کی خبریں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان دو سال سے علیحدگی کی خبریں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین کے درمیان اختلافات اور طلاق کی خبریں ایک مرتبہ پھر ایسے وقت میں گردش کرنے لگی ہیں جب کہ حال ہی میں دونوں کو ان کی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروموشن کے درمیان ایک دوسرے سے محتاط انداز میں ملتے دیکھا گیا۔

’ٹچ بٹن‘ کا ٹریلر طویل تاخیر کے بعد 18 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا اور اس حوالے سے کراچی میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں فرحان سعید اور عروہ حسین سمیت دیگر کاسٹ بھی شریک ہوئی۔

تقریب کے دوران اگرچہ عروہ حسین اور فرحان سعید کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنواتے دیکھا گیا مگر اس دوران دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ محتاط رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دونوں کو اگرچہ مداحوں کے لیے ویڈیوز اور تصاویر بنواتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم دونوں کے انداز سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ایک دوسرے سے احتیاط کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: عروہ حسین کے والد نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ان کے محتاط انداز کو دیکھنے کے بعد ہی متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جب کہ بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ ان کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور ’ٹچ بٹن‘ کی ریلیز کے بعد دونوں باضابطہ اعلان بھی کریں گے۔

ان کے محتاط انداز کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے نشاندہی بھی کی کہ عروہ حسین اور فرحان سعید اگرچہ ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، تاہم اس باوجود ان کے درمیان فاصلہ ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ان میں اختلافات ہیں۔

کچھ صارفین نے کمنٹس کیے کہ اگر ان دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے تو انہیں بات کو چھپانے کے بجائے اعلان کرنا چاہیے، مداحوں کو پریشان نہ کریں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اسی طرح بعض لوگوں نے کمنٹس میں دعویٰ کیا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے مگر اس باوجود دونوں فلم کے لیے ایک ساتھ ہوئے، جس سے ان کا پروفیشنل ازم ظاہر ہوتا ہے۔

’ٹچ بٹن‘ کے ٹریلر ریلیز کے موقع پر ہونے والی ایک تقریب میں بھی فرحان سعید اور عروہ حسین کو اسٹیج پر ایک ساتھ بیٹھا ہوا نہیں دیکھا گیا جب کہ تقریب کے دوران دونوں کے درمیان فاصلہ رہا اور ان کے ساتھ کوئی تیسری شخصیت ہمیشہ موجود رہی۔

دونوں ہی ’ٹچ بٹن‘ کے پروڈیوسر ہیں، جس میں فرحان سعید کے ساتھ فیروز خان نے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا لیکن 18 اکتوبر کو دونوں فلم کی پروموشن کے دوران اکٹھے ہوئے۔

اس سے قبل دونوں نے مارچ 2021 میں فلم ساز قاسم علی مرید کی شادی میں شرکت کی تھی مگر دونوں کو الگ الگ دیکھا گیا تھا اور انہوں نے کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔

ان کی طلاق کی خبریں آنے کے بعد عروہ حسین کے والد نے انہیں افواہ قرار دیا تھا، تاہم اس باوجود دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا۔

جولائی 2021 میں عروہ حسین کی جانب سے پھولوں کی تصویر شیئر کیے جانے اور شکرانے ادا کیے جانے پر چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ ان کے اور فرحان سعید کے درمیان اختلافات ہوگئے، تاہم اس کے باوجود دونوں نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔

عروہ حسین اور فرحان سعید نے 22 نومبر 2016 کو اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد دونوں ستارے 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024