• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اعظم سواتی کی گرفتاری: حکومت کا اراکین اسمبلی کی گرفتاری سے متعلق رولز میں ترمیم کا فیصلہ

شائع October 19, 2022 اپ ڈیٹ October 20, 2022
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی جانب سے متنازع ٹوئٹ پر گرفتاری کے معاملے کے بعد حکومت نے قومی اسمبلی کے کسی بھی رکن کی گرفتاری سے متعلق رولز میں ترمیم کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی سیکریٹری قومی اسمبلی محمد سجاد ایوان میں ترمیم پیش کریں گے۔

حکومت کی طرف سے کی گئی ترمیم میں لکھا گیا ہے کہ ’جب کسی رکن کو کسی فوجداری الزام پر یا جرم پر گرفتار کرنا پڑے یا کسی انتظامی حکم کے تحت حراست میں لینا پڑے تو سپرد کنندہ جج، مجسٹریٹ یا انتظامی حاکم مجاز گرفتاری کی وجوہات کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری طور پر اسپیکر کی منظوری حاصل کرے گا۔‘

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کا یوم آزادی کی تقریب کے انعقاد پر اعتراض

ترمیم میں مزید لکھا گیا ہے کہ ایسی گرفتاری یا حراست کے بعد یا کسی رکن کو قانون کی عدالت کی جانب سے قید کی سزا سنادی جائے تو سپرد کنندہ جج، مجسٹریٹ رکن کے مقام حراست کا قید سے مطلع کرے گا۔

ترمیم میں مزید لکھا گیا ہے کہ کسی بھی رکن کو اسمبلی کے احاطے سے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق متنازع ٹوئٹ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اعظم سواتی کی گرفتاری کے معاملے کے بعد حکومتی اتحادی جماعتوں میں بھی ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں پر تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

حکومت ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کو بغیر اجازت روکنے کے لیے متحرک ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں قومی احتساب آرڈیننس دوسرا ترمیمی بل 2022 منظور

حکومت کی طرف سے کی گئی ترامیم کے مطابق کسی بھی رکن قومی اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی منظوری لینا ہوگی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے 17 اکتوبر کو اعظم سواتی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم سیل نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق گزشتہ حکومت کی ترامیم ختم

ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کے مطابق ’پی ٹی آئی کے سینیٹر کو آرمی چیف سمیت ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور دھمکی آمیز ٹوئٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا‘۔

16 اکتوبر کو بھی انہیں اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ان کا دوسری بار ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل بھی عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024