• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

شریف خاندان کی مبینہ کرپشن پر دستاویزی فلم تیار

شائع October 18, 2022
دستاویزی فلم کو یوٹیوب پر جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
دستاویزی فلم کو یوٹیوب پر جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

ملک کے اہم ترین سیاسی خاندان نواز شریف اور ان کے اہل خانہ پر لگے کرپشن کے الزامات پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’بہائنڈ کلوزڈ ڈورس‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے جلد یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’بہائنڈ کلوزڈ ڈورس‘ کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر میں پاکستان، کینیا، آذربائیجان اور ترکی سمیت دیگر ممالک سے وابستہ صحافیوں کو بھی اشرافیہ کی کرپشن پر بات کرتے دکھایا گیا ہے۔

لکھاری و پروڈیوسر مرتضیٰ مہدی کی دستاویزی فلم کا ٹریلر ’انڈیپینڈنٹ ڈاکیومینٹریز‘ کے یوٹیوب پر جاری کیا گیا اور اسے اسی چینل پر ریلیز بھی کیا جائے گا۔

دستاویزی فلم کے مختصر ٹریلر میں سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بھی کرپشن پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ان کی جھلکیوں سے عندیہ ملتا ہے کہ دستاویزی فلم کی ریکارڈنگ اس وقت کی گئی تھی جب وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان تھے۔

ٹریلر میں سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کو بھی دکھایا گیا ہے اور وہ بھی اشرافیہ کی منظم کرپشن پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دستاویزی فلم میں شہزاد اکبر سمیت دیگر پاکستانی شخصیات کو بھی دکھایا گیا ہے جو کہ شریف خاندان کی کرپشن پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

صحافی ارشد شریف دستاویزی فلم میں بتاتے ہیں کہ شریف خاندان نے کرپشن کرنے کے لیے اپنے نوکروں کے نام سے اکاؤنٹ بنوائے اور ان میں اربوں روپے ٹرانسفر کرکے منظم انداز میں کرپشن کی۔

دستاویزی فلم کے ٹریلر کو فواد چوہدری سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی شیئر کیا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ فلم کو ایمازون پرائم یا پھر نیٹ فلیکس پر بھی ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم دوسری جانب ایمازون پرائم یا نیٹ فلیکس نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا کہ دستاویزی فلم کو وہ جاری کریں گے اور نہ ہی ڈاکیومینٹری کی آفیشل ویب سائٹ پر کوئی ایسی بات کی گئی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’بہائنڈ کلوزڈ ڈورس‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے رواں برس کے اختتام یا پھر آئندہ برس کے آغاز میں پیش کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024