• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میرے ساتھ بھارت میں ’مہسا امینی‘ جیسا سلوک ہو رہا ہے، اُروشی روٹیلا

شائع October 13, 2022
اداکارہ کے مطابق ان پر دوسروں کا تعاقب کرنے کا الزام لگا کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق ان پر دوسروں کا تعاقب کرنے کا الزام لگا کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ماڈل، ڈانسر و بولڈ اداکارہ اُروشی روٹیلا نے خود کو بھارت کی ’مہسا امینی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو مقتول ’مہسا امینی‘ کے ساتھ ایران میں ہوا۔

مہسا امینی کو گزشتہ ماہ ستمبر میں مبینہ طور پر حجاب نہ پہننے پر ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں نے قتل کردیا تھا، جس کے خلاف ایران سمیت دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔

مہسا امینی کے ساتھ اظہار یکجہتی کی خاطر ایران سمیت دیگر ممالک کی خواتین حجاب اتار کر جہاں مظاہروں میں شرکت کرتی دکھائی دے رہی ہیں، وہیں بعض خواتین اپنے بال بھی کاٹتی دکھائی دیتی ہیں۔

اسی مہم کے دوران مختلف ممالک کی متعدد معروف شخصیات بھی ایرانی خواتین کے حق میں پوسٹس کر رہی ہیں کہ انہیں حجاب پہننے یا نہ پہننے کا حق دیا جائے، ان پر مرضی مسلط نہ کی جائے۔

اور اب بھارت کی متنازع اداکارہ اُروشی روٹیلا نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو مہسا امینی جیسی ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ایران میں ’مہسا امینی‘ کے ساتھ کیا گیا اور اب بھارت میں ان کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں خود کو بھارت کی مہسا امینی قرار دیا۔

انہوں نے جو ویڈیو شیئر کی، اس میں انہیں کرسی پر اداس بیٹھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے اور ویڈیو کے پس منظر میں اردو شاعری سنائی دیتی ہے۔

انہوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان پر دوسروں کا تعاقب کرنے کا الزام لگا کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور کوئی بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہا اور نہ ہی کسی کو ان کے ساتھ ہونے والے عمل کی کوئی پرواہ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ بہادر عورت دنیا کے لیے تحفہ ہوتی ہے اور بہادر خاتون کے آنسوں مسکراہٹ کی طرح ہوتے ہیں، وہ جہاں بہادر ہوتی ہے، وہ نرم بھی ہوتی ہے جب کہ وہ حساس دل اور محبت کرنے والی بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے مذکورہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں شیئر کی جب کہ حال ہی میں بھارتی میڈیا میں ان سے متعلق خبریں شائع ہوئیں کہ شائقین نے اداکارہ پر بھارتی کرکٹر رشابھ پنت کا تعاقب کرنے کا الزام لگایا، کیوں کہ اداکارہ بھی آسٹریلیا پہنچ گئی ہیں، جہاں پہلے سے ہی کرکٹر موجود ہیں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق مداحوں نے اداکارہ پر الزام لگایا کہ وہ رشابھ پانت کے پیچھے ہی پڑ گئی ہیں، ان کا تعاقب نہیں چھوڑ رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024