• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

یوکرین تنازع: روس کو ترک صدر کی جانب سے ثالثی کی امید

شائع October 13, 2022
ترکیہ اب تک 2 مرتبہ ماسکو اور کیف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کرچکا ہے —فوٹو:رائٹرز
ترکیہ اب تک 2 مرتبہ ماسکو اور کیف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کرچکا ہے —فوٹو:رائٹرز

روس کی اعلیٰ حکومتی شخصیت نے کہا ہے کہ ماسکو سمجھتا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان یوکرین کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کے لیے قازقستان میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باضابطہ طور پر تعاون کی پیشکش کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق روس کی خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف نے ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک رہنما اپنی ثالثی کی پیشکش کر رہے ہیں، اگر کوئی بات چیت اور مذاکرات ہوں گے تو امکان ہے کہ وہ ان کی سرزمین پر استنبول یا انقرہ میں ہوں گے۔

مشیر خارجہ پالیسی نے مزید کہا کہ جمعرات کے روز قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کے دوران شاید رجب طیب اردوان سرکاری طور پر کوئی تجویز دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: روس کی یوکرین کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر بمباری

ترکیہ جو نیٹو کا رکن ہے، وہ یوکرین کے تنازع کے دوران غیر جانبدار رہا ہے اور اس کے اپنے دونوں پڑوسیوں روس اور یوکرین کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جب کہ وہ ماسکو پر مغربی ممالک کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں میں بھی شامل نہیں ہوا۔

اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے کہا کہ اصولی طور پر ترکیہ مغربی ممالک کی جانب سے عائد کردہ غیر قانونی پابندیوں میں شامل نہیں ہوا، ترکیہ کا یہ موقف تجارتی اور معاشی تعاون کی توسیع کا اضافی پہلو اور موقع فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: روس: کریمیا کے کیرچ پُل پر آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی

ترکیہ اب تک 2 مرتبہ ماسکو اور کیف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کرچکا ہے جس میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ان کے یوکرینی ہم منصب کے درمیان ہونے والی بلمشافہ ملاقات بھی شامل ہے جس کے دوران ماسکو کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد پہلی مرتبہ اعلیٰ سطح پر بات چیت ہوئی تھی۔

تاہم اس کے بعد سے امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ کریملن کی جانب سے حال ہی میں 4 علاقوں کو ضم کرنے کے بعد وہ ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024