• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایران: مہسا امینی کی ہلاکت کےخلاف مظاہرے، 'فورسز کے کریک ڈاؤن میں 108 افراد ہلاک'

شائع October 12, 2022
محمود امیری-مغدم نے کہا کہ بچوں کو احتجاج کرنے کا قانونی حق حاصل ہے — فوٹو:اے ایف پی
محمود امیری-مغدم نے کہا کہ بچوں کو احتجاج کرنے کا قانونی حق حاصل ہے — فوٹو:اے ایف پی

اوسلو میں موجود گروپ ایران ہیومن رائٹس (آئی ایچ آر) نے کہا ہے کہ مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے تین ہفتوں سے زائد عرصے پر محیط ملک گیر احتجاج کے دوران ایرانی سیکورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں کم از کم 108 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی خبر کے مطابق ایران ہیومن رائٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان میں علیحدہ جھڑپوں کے دوران کم از کم مزید 93 افراد کو ہلاک کردیا۔

ایران کے کرد علاقے سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ مہسا امینی کی 16 ستمبر کو ایران میں اخلاقی پولیس کے ہاتھوں 'غیر موزوں لباس' کے باعث زیر حراست موت کے بعد سے ایران بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جو 1979 کے انقلاب کے بعد سے اس کے لیے سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے جب کہ اس دوران مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 185 ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران: مہسا امینی کی ہلاکت پر مظاہرے جاری، سیکیورٹی فورسز سے پُرتشدد جھڑپیں

زاہدان میں مظاہرے 30 ستمبر کو اس وقت پرتشدد رخ اختیار کر گئے تھے جب خطے میں پولیس کمانڈر کی جانب سے نوجوان لڑکی کو مبینہ ریپ کا نشانہ بنائے جانے پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے مہسا امینی کے آبائی صوبے کردستان کے دارالحکومت سنندج میں کریک ڈاؤن کی خدشات کا اظہار کیا۔

ایران ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر محمود امیری-مغدم نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری کو فوری ردعمل دے کر کردستان میں مزید ہلاکتوں کو روکنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ایران: سیکیورٹی فورسز کے مبینہ تشدد سے ہلاک لڑکی کی ماں کی خودکشی

ایران ہیومن رائٹس نے اشارہ دیا کہ کردستان میں ظلم و بربریت سے متعلق تحقیقات میں انٹرنیٹ کی پابندیوں کی وجہ سے رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، گروپ نے مغربی صوبے میں مظاہرین کے خلاف آنے والے دنوں میں خونی کریک ڈاؤن سے بھی خبردار کیا۔

ایران ہیومن رائٹس نے کہا کہ صوبہ کردستان کے شہر سنندج میں گزشتہ 3 روز کے دوران بڑا احتجاجی مظاہرہ اور خونریز کریک ڈاؤن دیکھنے میں آیا۔

آئی ایچ آر نے مزید کہا کہ صوبے سے متعلق فراہم کیے گئے موجودہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں اس عرصے میں مرنے والے افراد کو شامل نہیں کیا گیا۔

اوسلو بیسڈ گروپ نے کہا کہ وہ اب تک صوبہ مازندران میں 28، کردستان میں 14، گیلان اور مغربی آذربائیجان دونوں میں 12 اور صوبہ تہران میں 11 اموات ریکارڈ کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہسا امینی کی موت پر مظاہرے، ایران کی یونیورسٹیز میں سیکیورٹی فورسز تعینات

انسانی حقوق گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے سڑکوں اور اسکولوں میں احتجاج کرنے والے بہت سے بچوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔

محمود امیری-مغدم نے کہا کہ بچوں کو احتجاج کرنے کا قانونی حق حاصل ہے، اقوام متحدہ پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ پر دباؤ ڈال کر ایران میں بچوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

ایران ہیومن رائٹس نے کہا کہ اس کی جانب سے فراہم کیے گئے ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں اتوار کے روز شمالی ایران میں رشت سینٹرل جیل کے اندر مظاہروں کے دوران مرنے والے 6 افراد بھی شامل نہیں ہیں جب کہ گروپ تاحال اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مہسا امینی کی موت کے بعد ایران میں کشیدگی کے پیچھے امریکا اور اسرائیل ہیں، سپریم لیڈر

ایران ہیومن رائٹس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جنوب مغرب میں واقع اسالویہ پیٹرو کیمیکل پلانٹ، مغربی ایران میں واقع آبادان اور جنوب میں واقع بوشہر کے ملازمین اور ورکرز نے بھی ہونے والے ملک گیر ہڑتالوں اور مظاہروں میں شرکت کی۔

100 سے زائد 'فسادیوں' پر فرد جرم عائد کردی، عدلیہ

دوسری جانب عدلیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مہسا امینی کی گزشتہ ماہ پولیس حراست میں موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایران نے 2 صوبوں میں 100 سے زائد افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے۔

عدلیہ کی 'میزان' آن لائن نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ تہران میں 60 جب کہ جنوبی صوبے ہرمزگان میں ہونے والے حالیہ فسادات کے الزامات پر 65 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024