• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان اور نیوزی لینڈ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچ گئے

شائع October 12, 2022
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی—فوٹو:اے ایف پی
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی—فوٹو:اے ایف پی

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی، اس طرح پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں ڈیون کانوے کے 64 رنز اور گلین فلپس کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت بنگلا دیش کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ڈیون کانوے نے 40 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین فلپس نے 24 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ مارٹن گپٹل نے بھی 34 اور فن ایلن نے 32 رنز بنائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو، دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم انتہائی کوشش کے باوجود بھی مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔

بنگلا دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا، مایہ ناز آل راؤنڈر نے 44 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس اور سومیا سرکار نے 23، 23 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈم ملنے نے 3 مہمان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی نے بھی دو وکٹیں لیں۔

پاکستان کے خلاف میچ کے مین آف دی میچ مائیکل بریسویل نے بھی دو وکٹیں لیں لیکن اس کے لیے انہیں 39 رنز کی پٹائی بھی برداشت کرنا پڑی اور وہ سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔

میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر 60 رنز بنانے والے کیوی پلیئرگلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

خیال رہے کہ آج کا میچ اس لیے بھی اہمیت کا حامل تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم یہ میچ ہار کر سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے، اب تین ملکی سیریز کا فائنل جمعہ 14 اکتوبر کو مہمان نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے علاوہ پاکستان بھی شامل ہے جسے گزشتہ روز میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔

سیریز کا آخری راؤنڈ میچ کل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025