• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی کی کوشش کروں گا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

شائع October 11, 2022
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پورے سندھ بالخصوص کراچی میں زیادہ بڑھ گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پورے سندھ بالخصوص کراچی میں زیادہ بڑھ گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے نئے گورنر کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے میرا یہ فرض بنتا ہے کہ صوبے اور وفاق کے درمیان اور اتحادیوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کروں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جو دروازے ہمارے بند ہیں چاہے وہ تاجر برادری کے ہوں یا ہماری پارٹی دفتر کے دروازے ہیں، سب کھلوانے کے لیے کلیدی کردار ادا کروں گا۔

مزید پڑھیں: کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کامران ٹیسوری نے کہا کہ چونکہ میری پارٹی نے مجھے گورنر کے لیے نامزد کیا تھا لہٰذا میری کوشش ہوگی کہ پارٹی کے تمام لاپتا کارکنان کی بازیابی کے لیے وہ کام کر سکوں جس کی امید پارٹی کو مجھ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے پارٹی کے لیے جان کے نذرانے پیش کیے اور شہادت پائی، میں ان شہیدوں کے اہل خانہ کے زخموں پر بھی مرہم رکھنے کی کوشش کروں گا تاکہ جس مقصد کے لیے ہمارے ساتھیوں نے قربانی دی ہے اس کا عملی مظاہرہ آنے والے دنوں میں کراچی سمیت پورے سندھ کے اندر نظر آئے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج کل اسٹریٹ کرائم پورے سندھ بالخصوص کراچی میں زیادہ بڑھ گیا ہے، اس کا میں نوٹس لیتا ہوں اور میں گورنر ہاؤس کے سیکریٹری سے کہوں گا کہ وہ کمشنر، آئی جی سندھ اور سی سی پی او کو اجلاس کی صورت میں بلائیں جہاں ہم ان سے پوچھیں گے کہ کیا وجوہات ہیں جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں مگر اس کے باوجود پاکستان کے اس معاشی حب میں ایسی وجوہات کیوں پیدا ہو رہی ہیں کہ کراچی کے لوگ سکون کی نیند نہیں سو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری گورنر سندھ مقرر

گورنر سندھ نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کراچی کی رونقیں بحالی اس طرح آگے بڑھائیں گے جس طرح ہم ایم کیو ایم کی بحالی کا عزم لے کر چلے ہیں اور اپنی پارٹی کی حمایت کے ساتھ ہر اس کام کے لیے اپنی توانائیاں وقف کروں جو عملی طور پر ہو سکتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں سب سے بہترین جمہوریت ہے اور میری پارٹی اور کارکنان مجھے لائے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جس پارٹی نے مجھے گورنر کے لیے نامزد کیا اس کے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ دو معاہدے طے پائے تھے، جن میں لاپتا کارکنان کی بازیابی، دفاتر کھولنے، حدبندیاں اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بلدیاتی اختیارات کا نفاذ شامل ہے، لہٰذا میری پارٹی کا مجھ پر اعتماد ہے کہ میں ان تمام مطالبات پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب ہوں گا۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاجروں میں اتحاد قائم ہے جن کی جماعت 35 برسوں سے قائم ہے جس کو گزشتہ انتخابات میں بھی ہرایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کامران ٹیسوری کی ایم کیو ایم میں واپسی، بطور ڈپٹی کنوینر بحال

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے دھڑے خصوصی معاملات کی وجہ سے بن گئے ہیں، اس لیے دباؤ آتا ہے اور اسی لیے ہی دعوت دی تھی کہ سب لوگ آجائیں یہ (کامران ٹیسوری) آ گئے اور حصہ بن گئے تو اسی دعوت، شرائط اور طریقے سے پارٹی کے آئین، اصول اور روایات کے پیچھے رہ کر جو کام کرے گا وہی ایم کیو ایم کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار سے بات کرنے کے لیے میں نے بہت لوگوں کو بھی کہا ہے اور یہ بھی کہا تھا کہ ہماری پارٹی سے الیکشن لڑیں مگر ان کی اپنی مجبوریاں ہوں گی۔

کوٹہ سسٹم کے سوال پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کل ہی ختم ہونا چاہیے بشرطیکہ کے میرٹ پر لوگ ہوں جو میرٹ پر ہی فیصلہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024