• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بولی وڈ میں کام تو کرلوں مگر پھر اس کے نتائج بھی برداشت کرنے پڑیں گے، فواد خان

شائع October 11, 2022
فواد خان کی فلم مولا جٹ کل ریلیز ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام
فواد خان کی فلم مولا جٹ کل ریلیز ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے دوران وہ بولی وڈ میں کام تو کرلیں گے مگر پھر انہیں وطن واپسی پر اس کے نتائج بھی بھگتا پڑیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارتی لوگ جو ان کے ساتھ کام کریں گے، انہیں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور لوگ ان کی جانب انگلیاں اٹھائیں گے۔

فواد خان ماضی میں 2014 میں ’خوبصورت‘ 2016 میں ’کپور اینڈ سنز‘ جب کہ 2016 میں ’اے دل ہے مشکل‘ نامی بولی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

جلد ہی ان کی ایک ویب سیریز بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نشر کی جائے گی اور چند ماہ قبل ان کی پہلی امریکی ہولی وڈ ویب سیریز ’مس مارول‘ بھی ریلیز ہوئی تھی۔

اپنی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پروموشن کے وقت شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ سے بات کرتے ہوئے فواد خان نے مستقبل میں بھارت میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے بھی پہلی بار کھل کر بات کی۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی ایکشن پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کلاسیکل پاکستانی فلم کا نیا ورژن ہے، ان کی فلم ریمیک نہیں ہے بلکہ پرانی ہی فلم ہے مگر اسے جدید انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ان سمیت تمام شخصیات کو امید ہے کہ ان کی فلم نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔

انہوں نے بولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ وہ بھارت کے لیے کام کریں گے یا نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ وہاں کے لوگ ان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے یا نہیں؟

انہوں نے بتایا کہ شاید بولی وڈ میں کام کرنے کے لیے ان کے ساتھ اتنا مسئلہ نہ ہو، جتنا وہاں کے لوگوں کے ساتھ مسئلہ ہوگا۔

فواد خان کے مطابق جو بھی بولی وڈ شخصیات ان کے ساتھ کام کریں گی تو ان کے ساتھ وہاں مسائل ہوں گے، لوگ ان کے خلاف انگلیاں اٹھائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹھیک اسی طرح ان کے ساتھ بھی مسائل ہوں گے اور وہ بولی وڈ میں کام تو کرلیں مگر پھر انہیں اس کے نتائج بھی بھگتے پڑیں گے۔

انہوں نے ماضی میں بولی وڈ میں کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وہاں اچھا وقت گزارا اور بہت سارے دوست بنائے، جن کے ساتھ وہ ابھی تک رابطے میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی بھی ان کے تعلقات کو ختم نہیں کر پائی۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں ان کے اور بھارتی شخصیات کے درمیان سیاسی کشیدگی بھی تعلقات ختم نہیں کر پائی، وہاں دونوں ممالک کی کشیدگی نے انہیں محتاط ضرور کردیا ہے کہ وہ اب متعدد سوالوں کے جواب بھی نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جنگ اور کشیدگی کے حامی نہیں ہیں، انہیں یہ سب چیزیں اچھی نہیں لگتیں، وہ تصادم اور نفرت سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھارتی دوستوں کے ہمراہ ضرور کام کریں گے، ممکن ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کسی دوسرے عالمی منصوبوں پر کام کریں۔

فواد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بولی وڈ کے مقابلے پاکستان یا بھارت کے دوسرے پلیٹ فارمز کے لیے کام کرنا قدرے آسان ہوتا ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اداکار نے’مس مارول‘ پر بھی بات کی اور واضح نہیں کیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ مذکورہ ویب سیریز کا دوسرا سیزن کب تک ریلیز ہوگا اور انہیں یہ بھی علم نہیں کہ آیا ویب سیریز کا دوسرا سیزن بنایا جائے گا یا نہیں؟

انہوں نے کہا کہ اگر ویب سیریز کا دوسرا سیزن بنایا بھی گیا تو ان کے خیال میں ان کا کردار نہیں رکھا جائے گا، کیوں کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ ان کا کردار پہلے سیزن میں ہی ختم اور مکمل ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ ’مس مارول‘ میں فواد خان نے مہوش حیات کی شوہر اور تحریک پاکستان کے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا جو کہ ویب سیریز کی ہیروئن ’مس مارول‘ یعنی کمالہ خان کے نانا کا کردار ہوتا ہے اور ان سمیت مہوش حیات کا کردار مختصر تھا جو کہ ایک ہی قسط میں دکھایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024