• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کراچی: ڈیفنس میں فوڈ پانڈا کے دفتر میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق

شائع October 10, 2022
دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوئے—فوٹو: امتیار علی
دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوئے—فوٹو: امتیار علی

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آن لائن ڈلیوری سروس فوڈ پانڈا کے دفتر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے قریب کھڑی 5 موٹر سائیکلوں اور کار کو شدید نقصان پہنچا۔

ایس ایس پی جنوب اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ڈیفنس فیز 8 کے علاقے خیابان جامی میں واقع فوڈ پانڈا کے دفتر میں باورچی خانے میں ہوا۔

مزید پڑھیں: کراچی: صدر میں دھماکے سے ایک شہری جاں بحق

ایس ایس پی نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، جن کو فوری طور پر سول ہسپتال کراچی کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کو جائے وقوع پر بلایا گیا، جنہوں نے معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ دھماکا کسی آئی ای ڈی ڈیوائس یا دھماکا خیز مواد سے نہیں ہوا۔

اسد رضا نے بتایا کہ بعد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کو بھی دھماکے کی تحقیقات کے لیے بلایا گیا۔

دریں اثنا، ایس ایچ او گزری پولیس آغا معشوق نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم نے جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ گیس لائن میں کوئی دھماکا نہیں ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی : دھماکہ آر ڈی ایکس اور ٹی این ٹی کا ملاپ تھا

پولیس افسر نے کہا کہ باورچی خانے میں گیس سے بھرے ہوئے کافی سیلنڈرز موجود تھے اور ہو سکتا ہے کہ گیس لیک ہونے یا گیس بوائلر کی وجہ سے دھماکا ہوا ہو۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی درست وجہ معلوم کرنے کے لیے پولیس تحقیقات کر رہی ہے اور فوڈ پانڈا کو گیس سیلنڈرز فراہم کرنے والی کمپنی کے بارے میں بھی معلومات لی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں میں زوہیب مقصود اور عامر صغیر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ انیل نعمان، عادل محمود اور شاہ رخ شہباز جھلس گئے ہیں جن کو علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: کھارادر میں میمن مسجد کے قریب دھماکا، خاتون جاں بحق، 11 زخمی

سمیعہ سید نے کہا کہ 28 سالہ نامعلوم زخمی شہری علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جن کا جسم زیادہ تر جھلس چکا تھا۔

بعدازاں، ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت فیض کے نام سے ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024