فٹ بال ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کا دستہ قطر روانہ
قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کی سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالنے کے لیے پاک فوج کا دستہ نور خان ایئربیس سے دوحہ روانہ ہوگیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی سیکیورٹی سنبھالنے کے لیے روانہ ہونے والے پاک فوج کے دستے میں افسران، جونیئر کمیشنڈ افسران اور جوان شامل ہیں۔
پاک فوج، فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران قطر کی حکومت کے لیے سیکیورٹی میں معاونت فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور قطر کا مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ضمن میں 8 رکنی عالمی فیفا ٹریننگ ٹیم نے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں ٹریننگ ٹیم نے پاکستان آرمی کے منتخب شدہ دستے کو فیفا سیکیورٹی سے متعلق تربیت فراہم کی تھی۔
یاد رہے کہ قطری حکومت نے پاکستان سے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران سیکیورٹی میں معاونت کی درخواست کی تھی۔
اس حوالے سے قطری وزارت داخلہ کے 4 رکنی وفد نے اگست میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ رواں سال 25 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں ورلڈ کپ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹ بال استعمال ہوگی
وزیر اعظم کو اسٹیڈیم کا گائیڈڈ دورہ کرایا گیا تھا اور انہیں فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئیں وسیع تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
شہباز شریف نے ورلڈ کپ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں پاکستانی افرادی قوت کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانیوں کو اس حقیقت پر فخر ہے کہ فٹ بال ‘الریحلہ’ فیفا ورلڈ کپ قطر 2022 کا آفیشل میچ بال پاکستان میں بنایا گیا ہے۔
قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ اگلے ماہ (نومبر) میں شروع ہوگا جہاں 21 نومبر کو پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ میں شامل تمام 4 ٹیمیں آپس میں ایک، ایک میچ کھیلیں گی، 9 دسمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اور 14 دسمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔