• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

راولپنڈی: عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، نوجوانوں سے دلچسپ گفتگو

شائع October 8, 2022
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی ڈیرہ اسمٰعیل خان سے بنی گالا واپسی کے دوران راولپنڈی کے نواحی گاؤں اڈیالہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فنی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو اڈیالہ گاؤں کے قریب اتارا گیا اور وہاں بنی گالا روانہ ہوگئے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان سے واپسی پر ہیلی کاپٹر کی نواحی گاؤں اڈیالہ کے قریب لینڈنگ ہوئی جہاں عمران خان مقامی افراد میں گھُل مل گئے اور ان سے دلچسپ گفتگو ہوئی۔

ویڈیو میں سابق وزیراعظم عمران خان کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ بچوں کو تنگ نہ کرو، انہیں آنے دو۔

انہوں نے بچوں سے سوال پوچھا کہ پہلے یہ بتاؤ کہ اسکول میں پڑھتے ہو؟ کدھر ہے اسکول، بچوں نے جواب دیا کہ جی اسکول میں پڑھتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے بچوں سے پوچھا کہ کرکٹر بننے کا کس کو شوق ہے، ایک نوجوان نے بتایا کہ میں کرکٹ کھیلتا ہوں، پہلے کلب کرکٹ کھیلتا تھا، جس پر عمران خان نے کہا کہ ایک ٹائم آ جاتا ہے کہ آدمی کو پیسہ کمانا پڑتا ہے۔

انہوں نے سوال پوچھا کہ تم لوگ کس پارٹی کے ساتھ ہو؟ جس پر بچوں کا کہنا تھا کہ ہم سب لوگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ہیں۔

جس پرعمران خان کا کہنا تھا کہ ماشا اللہ، ویسے بچے تو سارے ہمارے ساتھ ہیں، اب جو بڑے ہو گئے ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ آ گئے ہیں۔

ایک نوجوان نے عمران خان کو بتایا کہ یہ حلقہ این اے-63 ہے اور یہاں سے قومی اسمبلی کے رکن غلام سرورخان ہیں۔

ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان نے ایک نوجوان کو بلے پر آٹو گراف بھی دیا۔

عمران خان نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے پوچھا تو ایک نوجوان نے کہا کہ شاہین آفریدی تو ہم سب کا پسندیدہ کرکٹر ہے، عمران خان نے کہا کہ حارث رؤف کی بڑی زبردست باؤلنگ ہے، جس پر لوگوں نے کہا کہ جی وہ اچھا ہے۔

سابق وزیراعظم نے پوچھا اور کونسا کرکٹر اچھا ہے، اس پر ایک نوجوان نے شاہنوازدھانی کا نام لیا، عمران خان نے رضوان کے بارے میں پوچھا تو نوجوان نے کہا کہ رضوان گیندیں بہت ضائع کرتا ہے، 45 گیندوں پر 50 رنز بناتا ہے۔

ایک نوجوان نے عمران خان سے کہا کہ میرا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے ہے، وہاں پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی کٹائی ہورہی ہے، آپ سے درخواست ہے کہ پوچھیں کہ وہ کیوں کاٹ رہے ہیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ میں ابھی اس حوالے سے پوچھوں گا، ہم درخت اگا رہے ہیں اور وہ درخت کاٹ رہے ہیں۔

عمران خان نے لوگوں سے پوچھا کہ بتاؤ مجھ سے کیا چاہتے ہو؟

مقامی فراد نے انہیں بتایا کہ کالج بنانا چاہیے، یہاں پر بچوں کے لیے بھی کوئی سہولت نہیں ہے، ہسپتال بنانا چاہیے۔

دوسری جانب، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کی کہ اگر موجودہ حکمران کسی دن اس طرح عوام کے بیچ لینڈ کر گئے تو ابھینندن کی گرفتاری یاد آ جائے گی اور عمران خان کو جو لوگوں کا محبت اور خلوص میسر ہے اس پر اللہ کا شکر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024