وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پر راولپنڈی کی سول عدالت نے کرپشن کیس میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
سینیئر سول جج غلام اکبر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ’رانا ثنا اللہ کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نامزد کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری مقدمہ میں ضروری ہے لہٰذا ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا سکتے ہیں‘۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ 'ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیشی دفتر کا دعویٰ درست ہے لہٰذا اسے قبول کیا جاتا ہے اور اس کے مطابق رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات کیس: رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
اس پیش رفت کی تصدیق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے بھی کردی گئی ہے، اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز کی ٹیم نے رانا ثنااللہ اور ان کی اہلیہ کو آج بیانات قلمبند کرنے کیلئے طلب کر رکھا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثنا اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے۔
ان کا کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ہیں، عدالت کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثنا اللہ پر کلر کہار میں بسمہ اللہ فارم ہاوسنگ سوسائٹی میں شیڈول ریٹ سے انتہائی کم قیمت پر 2 فارم ہاوسز بطور رشوت لینے کا الزام ہے، بسم اللہ فارم ہاوسنگ سوسائٹی کے مالک اخلاق احمد پر اپنی غیر قانونی سوسائٹی کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو پلاٹ دینے کا الزام ہے۔
ان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ رانا ثنا اللہ اپنی اہلیہ نبیلہ ثنا اللہ کے ہمراہ بطور وزیر قانون بسم اللہ سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے، دونوں پلاٹس رانا ثنا اللہ کی اہلیہ کو بلامعاوضہ بطور رشوت دیے گئے۔
#
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے انسداد کرپشن بریگیڈیئر(ر) مصدق عباسی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس حوالے سے کہا کہ2017 میں بسم اللہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کیا گیا جبکہ2018 میں سوسائٹی کو اجازت ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس سوسائٹی میں رانا ثنااللہ کو دو پلاٹ بطور رشوت دیے گئے، 2019 میں رانا ثنااللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں رانا ثنااللہ پیش نہیں ہوئے۔
مشیر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2022 میں اقرار نامہ بھیجا تھا کہ2018 کی رجسٹری میں جو لکھا وہ غلط تھا لہٰذا ان کا جرم ثابت ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو6 تاریخ کو طلب کیا گیا تھا مگر پیش نہیں ہوئے۔
بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہا کہ عدالت سے ہم نے وارنٹ لے لیا ہے اور ہماری ٹیم اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں موجود ہے، دیکھتے ہیں پولیس عدالت کا حکم مانتی ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی جی اسلام آباد کو بھی طلب کر رکھا ہے، 8ہزار 770 ایکڑ سرکاری اراضی پر دوست مزاری نے قبضہ کیا ہے، وہ آئیں اور اپنے دستاویزی شواہد پیش کریں، اگر وہ اپنا ریکارڈ درست ثابت کر دیں گے تو ان کا کیس بھی ختم کر دیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے اینٹی کرپشن ٹیم تھانہ آئی تو ان سے کاغذات وصول کیے جائیں گے’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ٹیم سے درخواست کی جائے گی کہ وہ تعمیل کے لیے ریکارڈ مہیا کرے تاکہ قانون کے مطابق عمل کیا جا سکے’۔
اس سے قبل وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے وارنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی تھوڑی دیر میں پریس کانفرنس کریں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے گرفتار کرلیا
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا کہ پولیس کی ایک ٹیم رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے کے لیے روانہ ہو گئی ہے اور جلد ہی کوہسار تھانے پہنچ جائے گی۔
ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ’ضابطے کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع دیکر باقاعدہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے عمل کا آغاز کیا جائے گا‘۔
رانا ثنااللہ کے وارنٹ عمران خان کے خوف کی وجہ سے جاری ہوئے، مریم اورنگزیب
اس حوالے سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری عمران خان کے خوف کی وجہ سے جاری ہوئے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’انتشار، فساد، افراتفری پھیلانےکی سازش ہے تاکہ فارن ایجنٹ جھوٹے کی کرپشن، قومی سلامتی سے کھیل اور عوام کو بیوقوف بنانے کی چالوں سے توجہ ہٹائی جا سکے‘۔
مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان کے حکم پر وفاق پر حملہ کرنے کی تیاری ہے‘۔
تبصرے (0) بند ہیں