ٹوئٹر نے خاموشی سے نیا فیچر متعارف کرادیا
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے خاموشی سے موبائل صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا۔
ٹوئٹر نے موبائل صارفین کے لیے اب بیک وقت تصاویر، ویڈیوز اور جف ’جی آئی ایف‘ کو شیئر کرنے کا فیچر متعارف کرادیا۔
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ نے 5 اکتوبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ اب اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین بیک وقت اپنی ٹوئٹ میں ویڈیو کے ساتھ ساتھ تصاویر بھی شامل کر سکتے ہیں۔
نئے فیچر کے بعد موبائل صارفین اپنی ٹوئٹ میں ویڈیوز، تصاویر اور جف کی ایک ساتھ چار فائلز اپ لوڈ کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر پر ڈھائی ہزار الفاظ پر مشتمل 'نوٹس' فیچر کی آزمائش شروع
مذکورہ فیچر کو فوری طور پر ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا، تاہم ممکنہ طور پر جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے بھی عام کردیا جائے گا۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر صارفین بیک وقت یا تو تصاویر ٹوئٹ کرسکتے تھے یا پھر تصاویر کو شیئر کرنے کا آپشن ہوتا تھا۔
اب پلیٹ فارم پر بیک وقت تصویر، ویڈیو اور جف کو بھی شیئر کیا جا سکے گا اور ممکنہ طور پر مستقبل میں ٹوئٹر بیک وقت 4 سے زائد فائلز کو بھی شیئر کرنے کی اجازت دے گا۔
ٹوئٹر کی جانب سے لوگوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں جہاں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں، وہیں وہ متعدد بہترین فیچرز پر کام کرنے میں بھی مصروف ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر کی فروخت بھی انٹرنیٹ پر زیر بحث ہے، پلیٹ فارم کو اپریل 2022 میں ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں وہ مکر گئے تھے لیکن اب دوبارہ انہوں نے پلیٹ فارم کو اعلان کردہ رقم پر ہی خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔