• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چار لوگوں نے توہین مذہب کے نام پر میرے قتل کی سازش کی ہے، عمران خان

شائع October 7, 2022
عمران خان نے کہا کہ زنجیریں گرتی نہیں توڑی جاتی ہیں اور آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے کہا کہ زنجیریں گرتی نہیں توڑی جاتی ہیں اور آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ پہلے مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا، اس کے بعد چار لوگ بند کمروں میں بیٹھے جنہوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی ہے۔

میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کو صرف میانوالی ہی بھر دے گی کیونکہ ہمارا جہاد حقیقی آزادی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی بھی نہ کوئی قوم نہ کوئی غلام بڑے کام کر سکتا ہے جب تک وہ آزاد نہیں ہوتا کیونکہ غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں وہ امامت نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ: عمران خان کو نظر بند کرنے کا منصوبہ تیار

عمران خان نے کہا کہ زنجیریں گرتی نہیں توڑی جاتی ہیں اور آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے اور اس وقت ہمارے اوپر امریکی غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس کو پاکستان کا وزیر اعظم بنایا گیا اس کی صرف ایک ہی خاصیت ہے کہ وہ جوتے اچھے پالش کرلیتا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب تو اور بھی اچھا ہوگیا کہ شہباز شریف کو سائفر یاد آگیا اور انکوائری کرنے کا کہا ہے مگر یہ تو میں 6 ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ انکوائری کی جائے اور ہم نے چیف جسٹس کو بھی اس لیے مراسلہ بھیجا کہ انکوائری کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش اور اندرونی ہینڈلرز کے ساتھ مل کر وہ حکومت گرائی گئی جو 17 برس بعد معاشی ترقی کر رہی تھی جس کے لیے ورلڈ بینک نے کہا تھا کہ پورے برصغیر میں سب سے بہتر روزگار پاکستان میں مل رہا تھا، کسان خوش تھا اور چار فصلوں میں سب سے زیادہ پیداوار بھی ہمارے دور میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں پیٹرول اور ڈیزل 150 روپے فی لیٹر تھا جبکہ بجلی 18 روپے فی یونٹ تھی، مگر آج ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت 250 روپے پر پہنچ گئی اور بجلی کا بل آتے ہی شہری اور کسان پوچھتے ہیں کہ ہم کھانے کی اشیا، پیٹرول، ڈیزل اور بچوں کی فیسوں پر پیسہ خرچ کریں یا بجلی کا بل ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جج دھمکی کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت ہمارے دور میں 55 روپے فی کلو تھی جو آج 100 روپے تک جاپہنچا ہے، اسی طرح چار پانچ ماہ میں انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔

عمران خان نے کہا کہ جب یہاں برطانیہ کی حکومت تھی تو لاکھوں لوگوں کو ان کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے بھیجا جاتا تھا اور ہم سے کسی نہ پوچھا کہ کیا ہم ان کی جنگ میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں کیونکہ ہم غلام تھے، اسی طرح اب امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہم سے کسی نے نہیں پوچھا کہ ہم اس جنگ میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں 9/11 میں صرف 3 ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے جبکہ ان کی جنگ میں شامل ہونے کے بعد ہمارے 80 ہزار لوگ جاں بحق ہوئے کیونکہ ہم غلام تھے اور جن کی جنگ ہم لڑ رہے تو وہ یہاں ہی بمباری کر رہے تھے، اسی طرح 400 ڈرون حملے ہوئے جس کے بعد 35 لاکھ قبائلی لوگوں نے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کی وجہ سے آج بھی سرحدی علاقوں میں ہر روز ہمارے فوجی جوان شہید ہوتے ہیں مگر ہم سے کسی نہیں پوچھا کہ ہمیں اس جنگ میں شامل ہونا چاہیے یا نہیں۔

مزید پڑھیں: میری ’کردارکشی‘ کیلئے مواد تیار کیا جارہا ہے، عمران خان

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مریم نواز نے بڑی دکھ بھری پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے مجھ پر ظلم کیا ہے تو مریم بی بی خدا کے واسطہ ہے سچ بولنا سیکھو، تمہارے اوپر کیس عمران خان نے نہیں بنائے تھے بلکہ بی بی پاناما پیپرز انکشاف میں آپ پکڑی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری مسلم لیگ (ن) مجھے یہ بتائے کہ دو بار نواز شریف نے آصف زرداری کو جیل میں ڈالا تھا جس پر اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، آپ بچ گئی ہیں تو این آر او اس (آصف زرداری) کو بھی مل گیا ہے وہ بھی بچ جائے گا تو میرا یہ سوال ہے کہ کیا وہ بے قصور ہے؟

’جیل بھرو تحریک شروع کرنے لگا ہوں‘

عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان میں آپ طاقتور ہیں تو پاکستان کے قانون کا نظام آپ کو نہیں پکڑے گا بلکہ وہ صرف موٹر سائیکل اور بھینس چوری کرنے والے کو پکڑے گا، اربوں روپے چوری کرنے والوں کو نہیں اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے ملک کی آزادی کے لیے جان کی قربانی دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرایا جاتا ہے کہ جیلوں میں بند کردیں گے، ہمیں جیلوں سے مت ڈراؤ کیونکہ ابھی تو میں جس کا میں اعلان کرنے والا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ تمہارے پاس 70 ہزار لوگ بھی نہیں ہیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے مگر یہاں لاکھوں لوگ جیلوں میں بند ہونے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میں جب چاہوں اسلام آباد کو بند کر سکتا ہوں، عمران خان**

’توہین مذہب کا الزام لگانے کے پیچھے مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف ہیں‘

انہوں نے کہا کہ مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگانے کے پیچھے مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف ہیں جنہوں نے ٹی وی پر پورا پروگرام کیا کہ میں نے توہینِ مذہب کی ہے، اس کے بعد چار لوگ بند کمروں میں بیٹھے جنہوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کسی نے قتل کردیا تو یہ لوگ کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے کیا ہے کیونکہ میں نے توہینِ مذہب کیا ہے، مگر میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے اور جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں نے بند کمروں میں یہ فیصلہ کیا۔

’پاکستان کی تاریخ میں کسی نے ایسی پلاننگ نہیں کی ہوگی جو میں کر رہا ہوں‘

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور شہباز شریف سن لیں، تم جو بھی تیاری کر رہے ہو کپتان اس سے زیادہ تیاری کر رہا ہے اور میری پلاننگ بڑی سوچ سمجھ کر ہو رہی ہے اور اسلام آباد مارچ تو اس کا صرف ایک حصہ ہے باقی کپتان ایسی پلاننگ کر رہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی نے نہیں کی۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کوئی بھی آ جائے مجھے فرق نہیں پڑتا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ جو بھی منصوبہ بندی کرنی ہے کرلیں اب کپتان کی پلاننگ کو تم نہیں روک سکتے اب الیکشن کروانے ہوں گے۔

نواز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے انتظار ہے کہ وہ پاکستان آئے، ایسا استقبال ہوگا کہ وہ بھی یاد رکھے گا اور مسلم لیگ (ن) بھی یاد رکھے گی۔

عمران خان نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچارے ہر طرح مار کھاتے جا رہے ہیں اب انہوں نے فیک آڈیوز بنائی ہیں۔

'ڈیپ فیک آڈیوز بنانا مشکل نہیں'

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے آڈیوز لیک ہوتی ہیں جو پورے ملک کے لیے لمحہ فکر ہے اور میں انٹیلی جنس ایجنسیوں سے کہتا ہوں کہ یہ آپ کا کام ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کو محفوظ بنائیں، اگر وزیز اعظم ہاؤس سے ساری چیزیں لیک ہو رہی ہیں تو ذمہ داری آپ کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے فیک آڈیوز بنائی ہیں جس کی ماہر جھوٹ میں پی ایچ ڈی کرنے والی مریم نواز ہیں جس نے فیک آڈیوز بنائی ہیں۔

عمران خان نے نواز شریف سے متعلق ایک فیک آڈیو چلا کر بتایا کہ کس طرح فیک آڈیو بنائی جاتی ہیں کیونکہ اس آڈیو میں نواز شریف مبینہ طور پر خود پر ہی کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) کو بتانا چاہتا ہوں کہ ڈیپ فیک آڈیوز بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

بعد ازاں عمران خان نے جلسے میں موجود لوگوں، کارکنان اور حامیوں سے آزادی مارچ سے متعلق حلف بھی لیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024