• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سائیں ظہور اور زرسانگا ’آغا خان ایوارڈ’ جیتنے والوں میں شامل

شائع October 7, 2022
مجموعی طور پر 16 گلوکاروں و موسیقاروں کو ایوارڈز دیے جائیں گے—فوٹو: آغا خان ایوارڈز
مجموعی طور پر 16 گلوکاروں و موسیقاروں کو ایوارڈز دیے جائیں گے—فوٹو: آغا خان ایوارڈز

پاکستان کے پنجابی و سرائیکی کے لوک فنکار سائیں ظہور اور خیبرپختونخوا (کے پی) سے تعلق رکھنے والی لوک گلوکارہ زر سانگا نے ’آغا خان میوزک ایوارڈ 2022‘ حاصل کرلیا۔

آغا خان میوزک ایوارڈ کا انعقاد ہر تین سال بعد کیا جاتا ہے، مذکورہ ایوارڈ کا آغاز 2019 میں کیا گیا تھا اور اسی سال پہلا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

اس بار دوسرے آغا خان ایوارڈ کے لیے پاکستان، بھارت، افغانستان، ایران، موریطانیہ اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے فنکاروں کو منتخب کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر ایوارڈز کے لیے 10 گلوکاروں کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم دیگر گلوکاروں کو خصوصی اور اعزازی ایوارڈز بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شارٹ لسٹ 400 گلوکاروں میں سے منتخب کیے گئے 10 گلوکار—فوٹو: آغا خان ایوارڈز
شارٹ لسٹ 400 گلوکاروں میں سے منتخب کیے گئے 10 گلوکار—فوٹو: آغا خان ایوارڈز

آغا خان ایوارڈ کے لیے 10 گلوکاروں کا انتخاب دنیا بھر سے موصول ہونے والے 400 گلوکاروں کی فہرست میں سے کیا گیا اور ان گلوکاروں میں پاکستانی لوک فنکارہ زر سانگا بھی شامل تھیں، جنہیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

تاہم پاکستانی فوک گلوکار سائیں ظہور کو خصوصی اعزازی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

خصوصی ایوارڈ کے لیے سائیں ظہور سمیت مجموعی طور پر 5 گلوکاروں کو منتخب کیا گیا، جن میں بھارت کے سارنگی پلیئر دلشاد خان، ایران کا خواتین فنکاروں کا گروپ گلشن انسمبل، ایران کا ہی مہور انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اور انڈونیشیائی میوزیکل گروپ آچنی شامل ہے۔

زر سانگا کو بھی ایوارڈ دیا جائے گا—فوٹو: آغا خان ایوارڈز
زر سانگا کو بھی ایوارڈ دیا جائے گا—فوٹو: آغا خان ایوارڈز

علاوہ ازیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیے گئے دیگر 10 گلوکاروں میں پاکستانی گلوکارہ زر سانگا کے علاوہ بھارت کے ذاکر حسین، مالی کے آفل بوکوم، ماریطانیہ کی کومبین منٹ ایلی ورکنے، افغانستان کے داؤد خان سادوزئی، انڈونیشیا کی پینی کاندار رینی، برطانیہ کے سونک دتا اور ایران کی یاسمین شاہ حسینی شامل ہے۔

علاوہ ازیں موسیقی کا خصوصی ایوارڈ عمانی موسیقار مسلم الکتھیری کو بھی دیا جائے گا۔

ایوارڈ کے تمام فاتحین میں 50 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم یکساں طور پر تقسیم کی جائے گی اور ایوارڈز تقریب 29 سے 31 اکتوبر کو رواں ماہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوگی۔

تقریب کے دوران آغا خان آرکیٹیک ایوارڈز کے فاتحین کو بھی ایوارڈز دیے جائیں گے، مذکورہ ایوارڈز بھی ہر تین سال بعد دیے جاتے ہیں اور اس بار 49 ویں ایوارڈز دیے جائیں گے۔

سائیں ظہور کو بھی خصوصی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیاہے—فوٹو: آغا خان ایوارڈز
سائیں ظہور کو بھی خصوصی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیاہے—فوٹو: آغا خان ایوارڈز

تبصرے (1) بند ہیں

Ikramuddin Kamil Oct 08, 2022 09:44am
5 lac USD will be shared among the winners not 50 lac.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024