ایشیا کپ: پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کو شکست دے دی
پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشیا کپ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے اگلے ہی دن عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے دی۔
سلہٹ میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
33 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی لیکن کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار پر مشتم تجربہ کار جوڑی نے عمدہ بیٹنگ اور شاندار شراکت سے پاکستان کی معقول مجموعی تک رسائی کی راہ ہموار کی۔
دونوں نے 76 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد بسمہ کی 32 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
ندا ڈار نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور نقابل شکست نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔
ندا ڈار نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے دیپتی شرما 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ پوجا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بھارتی خواتین بلے باز مسلسل جدوجہد کرتی نظر آئیں، جس کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ مستقل بڑھتا رہا۔
ریچا گھوش نے اختتامی اوورز میں تین چھکوں سمیت کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کی 13 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز بھی پاکستان کی فتح کی راہ میں حائل نہ ہو سکی۔
دیگر بھارتی بلے بازوں میں دیلان ہیمالتھا نے 20، سمریتی مندھانا نے 17، دیپتی شرما نے 16 جبکہ میگھنا نے 15 رنز بنائے۔
بھارت کی ٹیم آخری اوور میں 124رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ میں 13 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے عمدہ بیٹنگ کے بعد شاندار باؤلنگ بھی کی اور 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نشرہ سندھو 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں۔