• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کیمسٹری کا نوبیل انعام خاتون سمیت تین سائنسدانوں کے نام

شائع October 5, 2022
کیمسٹری کا انعام تین سائنسدانوں میں تقسیم کیا جائے گا—فوٹو: نوبیل کمیٹی
کیمسٹری کا انعام تین سائنسدانوں میں تقسیم کیا جائے گا—فوٹو: نوبیل کمیٹی

دنیا کا اعلیٰ ترین انعام دینے والی سویڈن کی اکیڈمی آف سائنسز نے کیمسٹری کا سال 2022 کا انعام ایک امریکی خاتون سمیت تین سائنسدانوں کو دینے کا اعلان کردیا۔

کیمسٹری کا انعام جیتنے والے تین ماہرین میں سے دو کا تعلق امریکا جب کہ ایک کا تعلق یورپی ملک ڈنمارک سے ہے۔

کیمسٹری کا نوبیل انعام امریکا کی خاتون سائنسدان کیرولین برتوزی اور بیری شارپلیس سمیت ڈنمارک کے مارٹن میلڈل کو دیا جائے گا۔

تینوں ماہرین نے ایسی دریافت کی تھی، جس کی مدد سے دو الگ فارمولوں کے تحت ایسے مالیکیول بنائے جا سکتے ہیں جنہیں میڈیسن میں استعمال کرکے کینسر سمیت دیگر موذی بیماریوں کے سیلز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

نوبیل کمیٹی نے تینوں ماہرین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ماہرین نے کلک اور بائیوآرتھوگنل کیمسٹری میں نمایاں خدمات دیں اور ان کے کاموں کی وجہ سے دونون شعبوں میں کام کرنا آسان ہوا۔

کمیٹی نے اعتراف کیا کہ اس بار کا نوبیل انعام زیادہ پیچیدہ کام کرنے والے ماہرین کو نہیں دیا گیا بلکہ اس بار قدرے آسان تجربات اور طریقہ کار دریافت کرنے والوں کو انعام دیا گیا ہے۔

بیان مین اس بات کی تصدیق کی گئی انعام کی رقم تینوں سائنسدانوں میں یکساں تقسیم کی جائے گی اور دو سائنسدانوں بیری شارپلیس اور مارٹن میلڈل کو کلک جب کہ کرولین برتوزی کو بائیو آرتھوگنل کیمسٹری کی تحقیق پر انعام دیا جائے گا۔

نوبیل کمیٹی نے گزشتہ برس بھی کیمسٹری کا انعام امریکا اور جرمنی کے دو سائنسدانوں کو دیا تھا۔

گزشتہ سال امریکا کے ڈاکٹر ڈیوڈ میک ملن اور جرمنی کے بینجمن لسٹ کو نامیاتی کیمیا سے متعلق اہم دریافتیں کرنے پر انعام دیا گیا تھا۔

نوبیل کمیٹی ہر سال انعامات جیتنے والے افراد کے ناموں کا اعلان اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شروع کرتی ہے۔

کمیٹی مجموعی طور پر 6 کیٹیگریز ’طب، معاشیات، کیمسٹری، فزکس، ادب اور امن‘ کے نوبیل انعامات دیتی ہے۔

اس سال نوبیل انعامات جیتنے والے افراد کے ناموں کے اعلانات کا سلسلہ 3 اکتوبر کو شروع کیا گیا اور سب سے پہلے طب کے نوبیل انعام جیتنے والے خوش نصیب کا اعلان کیا گیا تھا۔

طب کا نوبیل انعام سویڈن کے سائنسدان سوانتے پابو کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

چار اکتوبر کو فزکس کے نوبیل انعام کا اعلان کیا گیا تھا اور یہ انعام امریکا کے جان کلوزر، فرانس کے ایلئن اسپیکٹ اور آسٹریا کے اینتون زلنگر کو ان کی ’کوائنٹم ٹیکنالوجی اور انفارمیشن‘ پر تحقیق کی بدولت دیا گیا تھا۔

نوبیل کمیٹی مزید تین نوبیل انعامات جن میں ادب، معیشت اور امن کا انعام شامل ہے، اس کا اعلان کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024