• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کیریئر کے آغاز میں آئٹم سانگ کرکے اپنی اور خاندان کی بے عزتی کروائی، جگن کاظم

شائع October 4, 2022
جگن کاظم نے آئٹم سانگ پر پرفارمنس کو غلطی تسلیم کیا—اسکرین شاٹ
جگن کاظم نے آئٹم سانگ پر پرفارمنس کو غلطی تسلیم کیا—اسکرین شاٹ

معروف اداکار، ماڈل و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ ماضی میں انہوں نے پاکستانی فلم میں آئٹم سانگ کرکے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان کی بھی بے عزتی کروائی جب کہ ایسا کرنے پر ان کی والدہ ان سے 6 ماہ تک ناراض رہیں۔

جگن کاظم ماضی میں ڈراموں سمیت فلموں میں بھی کام کرتی رہی ہیں، انہوں نے 2011 میں شان شاہد کے ہمراہ ’خاموش رہو‘ نامی فلم میں کام کیا تھا، جس میں انہوں نے آئٹم سانگ پر پرفارمنس بھی کی تھی۔

جگن کاظم نے ’چھلا‘ گانے پر پرفارمنس کی تھی، جسے اس وقت کافی سراہا گیا تھا۔

اب انہوں نے مذکورہ گانے پر پرفارمنس کو فحش قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایسا کرکے غلطی کی۔

جگن کاظم حال ہی میں ماریہ واسطی کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں اور انہوں نے ایک سوال کے جواب میں ماضی میں ’چھلا‘ گانے پر پرفارمنس کو اپنی غلطی قرار دیا۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ اس وقت وہ شوبز میں نئی تھیں اور انہیں بہت ساری باتوں کا علم نہیں تھا اور ایک طرح سے انہوں نے ’خاموش رہو‘ میں گانے پر پرفارمنس کرکے غلطی کی۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’چھلا‘ پر پرفارمنس کرکے نہ صرف انہوں نے اپنی بلکہ اپنے خاندان کی بھی بے عزتی کروائی جب کہ ایسا کرنے پر والدہ ان سے ناراض رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جگن کاظم: مسحور کن زندگی کی حامل اداکارہ

جگن کاظم کے مطابق والدہ نے انہیں گانے میں پرفارمنس کرنے کے بعد 6 ماہ تک گھر میں داخل ہونے تک نہیں دیا۔

اسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ان سے گانے کی شوٹنگ کے دوران فحش طریقے سے پرفارمنس کروائی گئی، جس وجہ سے اس سے پریشان بھی ہوئیں اور وہ شکر ادا کرتی ہیں کہ ان کی مذکورہ فلم لوگوں کی توجہ کا مرکز نہ بنیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے ایک پنجابی فلم میں کام کیا ہے، جس میں ان سے کوئی بھی کام زبردستی نہیں کروایا گیا، انہوں نے جو کچھ کیا، اپنی مرضی سے کیا۔

جگن کاظم نے واضح کیا کہ انہیں اداکاری کرنا بہت پسند ہے اور انہیں فلموں میں کام کرنا بھی اچھا لگتا ہے مگر اب وہ کبھی آئٹم سانگ پر پرفارمنس نہیں کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024