• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امیشا پٹیل نے عمران عباس سے تعلقات پر وضاحت کردی

شائع September 30, 2022
دونوں اداکاروں کی ملاقات کے بعد ان کے تعلقات کی چہ مگوئیاں شروع ہوئیں—اسکرین شاٹ
دونوں اداکاروں کی ملاقات کے بعد ان کے تعلقات کی چہ مگوئیاں شروع ہوئیں—اسکرین شاٹ

معروف بولی وڈ اداکارہ 46 سالہ امیشا پٹیل نے 39 سالہ پاکستانی اداکار عمران عباس کے ساتھ رومانوی تعلقات کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے تعلقات کے حوالے سے تمام خبریں پڑھیں۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ سے بات کرتے ہوئے امیشا پٹیل نے بتایا کہ وہ عمران عباس کو کئی سال سے جانتی ہیں، وہ دونوں امریکا کی یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھے تھے۔

ان کے مطابق حال ہی میں عمران عباس اور وہ خلیجی ملک بحرین میں ملے، جہاں دونوں نے تقریبات میں شرکت کرنے سمیت انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو بھی نشر کی تھی جب کہ دونوں نے معروف بولی وڈ گانے ’دل میں درد سا جگا ہے‘ پر پرفارمنس بھی کی تھی، جس کی ویڈیو دونون نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’دل میں درد سا جگا ہے‘ عمران عباس کا پسندیدہ ترین گانا تھا، جس وجہ سے دونوں نے اس پر پرفارمنس کی اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔

امیشا پٹیل کے مطابق دونوں کا پہلے سے ملاقات یا ویڈیو بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، ان کی اچانک ملاقات ہوئی تو دونوں نے ویڈیوز بنائیں اور ایک ساتھ اچھا وقت گزارا۔

عمران عباس سےتعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بولی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اداکار سے اپنے رومانوی تعلقات کی تمام خبریں پڑھیں، جن سے وہ لطف اندوز ہوئیں۔

ان کے مطابق ان کے اور عمران عباس کے درمیان کئی سال سے تعلقات ہیں مگر ان کے رومانوی تعلقات ہیں، لوگ انہیں جوڑی کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔

خیال رہے کہ دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں گزشتہ ہفتے اس وقت بھارت میں وائرل ہوئیں، جب دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پر ایک ساتھ ویڈیوز شیئر کیں۔

دونوں اداکار گزشتہ ہفتے خلیجی ملک بحرین میں ملے تھے، جہاں سے انہوں نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو کے ذریعے مداحوں سے بات بھی کی تھی۔

لائیو ویڈیو میں امیشا پٹیل نے بتایا تھا کہ بھارت بھر کی خواتین عمران عباس پر فدا ہیں، ہر عمر کی بھارتی خواتین ان کی مداح ہیں، جنہوں نے اداکارہ سے اداکار کا آٹوگراف لے کر آنے کی درخواستیں بھی کیں۔

دونوں نے لائیو ویڈیو میں امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ مستقبل میں ضرور کسی نہ کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

مذکورہ لائیو ویڈیو کے علاوہ دونوں نے بولی وڈ گانے ’دل میں درد سا جگا ہے’ پر پرفارمنس کی ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس کے بعد لوگوں نے سمجھا کہ شاید ان کے درمیان رومانوی تعلقات ہیں مگر امیشا پٹیل نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024