• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

میری آڈیو لیک کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عمران خان

شائع September 29, 2022
عمران خان نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب میں وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب میں وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم آفس میں ان کے پرنسپل سیکریٹری سے ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک ہونے پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے مسلسل 35 سال جدوجہد کی۔

مزید پڑھیں: سائفر پر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں، مبینہ آڈیو لیک پر عمران خان کا ردعمل

انہوں نے کہا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے لوگوں نے ایک لاکھ سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، کشمیر کے لوگ آزادی کے لیے 150 سال سے قربانیاں دے رہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پچھلے 35 سال میں ایک لاکھ کشمیریوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے، دنیا بھر میں مجھے کشمیری ملتے ہیں اور ہمیشہ انہوں نے پوچھا کہ کیا پاکستان ہماری قربانیاں ضائع تو نہیں ہونے دے گا’۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب نریندر مودی نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی تو ہم نے ان سے تمام تعلقات منقطع کیے اور تجارت ختم کی حالانکہ ہمیں بہت فائدہ ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلقات توڑنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ جب کشمیریوں کی خصوصی حیثیت بحال کریں گے تب بھارت سے تعلقات قائم کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ‘ابھی ایک نئی آڈیو لیکس آئی ہے، شہباز شریف کا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے وزیر اعظم آفس سے میری اپنے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سے جو گفتگو ہو رہی تھی وہ آڈیو لیک کردی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اب کم از کم دنیا کو پتا چلے گا کہ جو سائفر، مراسلہ تھا وہ حقیقت ہے، شہباز شریف نے مجھے نقصان پہنچانے کے لیے کیا تھا لیکن آپ نے اپنا بیڑا غرق کردیا’۔

یہ بھی پڑھیں: 'سائفر سے صرف کھیلنا ہے'، عمران خان کی اعظم خان سے مبینہ گفتگو کی آڈیو لیک

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ رہ گئے تو نہ اس ملک کا نظریہ رہے گا، دیوالیہ نکال دیا ہے، شہباز شریف امریکا ہوکر آگیا ہے، اس کے ساتھ بلاول بھٹو بھی گیا تھا جبکہ سندھ کے لوگوں کے گھر سیلاب کی وجہ سے تباہ ہیں، فصلیں ختم ہوگئی ہیں اور سڑکوں پر پڑے ہیں لیکن بلاول امریکا گئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو کال دوں گا، اپنی تیاری مکمل کر رہا ہوں، جب تیاری مکمل ہوئی تو آزاد کشمیر کے لوگ بھی آئیں۔

سابق وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی ملک واپسی پر شدید تنقید کیا اور کہا کہ 5 سال قبل ملک سے بھاگ گیا تھا اور اب واپس آکر وزارت سنبھال لی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے ورنہ یہ قوم تمہیں کبھی بخشے گی نہیں کیونکہ یہ قانون کی خلاف ورزی ہے کہ آپ الیکشن فراڈ کریں اور آگے کا بھی منصوبہ ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ‘ہم ہر اقدام کریں گے، ہم تمہارے اوپر ہر قانونی کارروائی کریں گے اور جو عوام کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے جارہے ہو، یہ قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی’۔

جلسے سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024