عمران خان اور ان کا 'کوچ' آڈیو لیکس میں ملوث ہے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ان کے ‘کوچ’ کو حالیہ آڈیو لیکس کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیوز بظاہر وزیراعظم ہاؤس کی ہیں اور 4 میں سے 5 میرے بارے میں ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کیے جانے کے بعد آڈیو لیکس پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اول تو 4 میں سے 5 میرے بارے میں آئی ہیں اور بظاہر وہ وزیراعظم ہاؤس کی ہیں اور مریم نواز کے بارے میں ہیں۔
مزید پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کی سزا کالعدم قرار دے دی
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے پتا ہے یہ کہاں سے ہو رہا ہے، اس میں عمران خان اور اس کا کوچ بھی شامل ہے’۔
صحت کارڈ سے متعلق ان کی آڈیو لیک سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’20 منٹ کی بات سے آپ نے دو لائنز نکالی اور وہ بھی جھوٹ ہے، آج بھی آپ سنیں، اس میں کہہ رہی ہوں اور پوری تمہید باندھی کہ صحت پروگرام نواز شریف نے شروع کیا تھا اور اس پر میں نے محنت کی تھی’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘نواز شریف نے صحت پروگرام پر دن رات محنت کی تھی اور جگہ جگہ گئے تھے اور میں ان کے ساتھ تھی اور اس کو میں دیکھتی تھی کیونکہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کا منصبوبہ تھا اور غریب لوگوں کے بڑے آپریشن مفت ہوتے تھے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسا لگتا تھا کہ صحت کارڈ اس نے شروع کیا ہے تو میں نے وزیر اعظم سے کہا اس کو اون کریں، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اس کو بند کریں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں عمران خان نہیں ہوں کہ جب پنجاب میں حمزہ شہباز نے 200 یونٹ بجلی مفت کی تھی تو عمران خان نے عدالت جاکر اس کو بند کرادیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے صحت پروگرام بنایا ہے اس لیے وزیراعظم سے کہا اس کو اون کریں، میں کیسے اس کو بند کرنے کا کہہ سکتی ہوں جب مجھے پتا ہے کہ کروڑوں انسان اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں’۔
'ایون فیلڈ ریفرنس میں جھوٹ بولا گیا'
ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بری کیے جانے کے بعد مریم نواز نے کہا کہ میرے حوالے سے جھوٹ بولا گیا، بہتان لگایا گیا، 6 سال اسی میں گزر گئے لیکن اللہ نے سرخرو کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ کیس: سماعت 2 ہفتے مؤخر کرنے کی نیب کی درخواست مسترد
ان کا کہنا تھا کہ 6 سال ایک جھوٹ کا سامنا کرنا پڑا، اللہ نے ہمیں پہلے سے زیادہ عزت دے کر نکالا ہے، میرا نہیں خیال پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی سیاسی لیڈر آیا جس پر اتنی زیادہ مشکلات کے پہاڑ ٹوٹے ہوں اور کوئی سیاسی لیڈر اس طرح سرخرو نہیں ہوا جیسے نواز شریف ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کا جب شور اٹھا تو نواز شریف کے دوستوں نے کہا تھا کہ یہ قانونی مقدمہ نہیں ہے، انہیں صرف سزا کے لیے پھنسایا جارہا ہے، دشمنوں کا مقصد صرف سزا دینا ہے، ہمارے حقائق نہیں سنے گئے لیکن انہوں نے سزا پوری کی اور اللہ نے سرخرو کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ جس شخص نے نواز شریف پر الزام لگایا، جھوٹ بولا اور بہتان لگایا، جس نے اپنی 30 سالہ سیاست نواز شریف پر کی، میں اس کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں، آج اس کے پاس کہنے کو کیا ہے؟ میں عمران خان سے پوچھنا چاہوں گی کہ اللہ نے تمہیں جھوٹا، ناکام اور سازشی ثابت کیا، اب تم کیا کرو گے؟ حقیقت یہ ہے کہ تم ناکام ہو اور نواز شریف کو اللہ نے سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار جس وزیر اعظم کے جہاز سے گئے تھے اسی جہاز سے واپس آئے ہیں، جنہوں نے ان پر الزام لگایا انہی کے صدر نے اسحٰق ڈار سے حلف لیا اور پاکستان کے وزیر خزانہ بنے، نواز شریف بھی جلد واپس آئیں گے اور عمران خان ایک بے بس شخص ہے، تمہیں جواب دینا پڑے گا کہ جھوٹ کیوں بولا اور آج تاریخ تم سے سوال پوچھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے منصوبے کے ساتھ نواز شریف کو ہٹایا گیا، اگر نواز شریف میدان میں رہتا تو عمران خان کی تین زندگیاں اور ہوتیں تو بھی وہ کبھی اس عہدے پر نہیں پہنچ سکتا تھا، نواز شریف کے خلاف اس ساری سازشی کا بینفشری عمران خان تھا۔
'آڈیو لیکس میرے لیے حیران کن نہیں'
مریم نے کہا کہ آڈیو لیک میرے لیے حیران کن نہیں، عمران خان دشمن طاقتوں سے ڈالر لے کر پاکستان میں تباہی اور انتشار اور فتنہ پھیلاتا رہا، عمران خان ایک غیر ذمہ دار شخص ہے جس کو یہ بھی نہیں معلوم کہ گھر کی سلامتی سے کھیلنا کتنا سنگین جرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چار سال اس ملک کے سیاح و سفید کا مالک رہا، عمران خان نے امریکی سازش کا ڈرامہ رچایا اور آڈیو لیک میں کہا کہ ہمیں عوام کے جذبات سے کھیلنا ہے، عمران خان کھیل کھیل میں پورے ملک سے کھیل گئے اور چاہتے ہیں عوام تماشہ دیکھتے رہیں؟
انوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو قذافی اسٹیڈیم سمجھا ہوا ہے، عمران خان کھیل کے میدان میں بھی ٹیمپرنگ کرتا تھا اور یہاں بھی منٹس اور میٹنگ کے ساتھ ٹیمپرنگ کر رہا ہے، کیا قومی سلامتی کھیل ہے؟ پاکستان کے مفادات اور خارجہ امور عمران خان کے لیے کھیل ہے؟
مزید پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس: نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کردی
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان نے غداری کی اور اپنے ساتھیوں کو فون کرکے خط لکھا کہ پاکستان کو پیسے نہ ملیں، پاکستان کو اگر پیسے نہ ملتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، عوام بھوکے مر جاتے، اس شخص کی ذہنیت پر انسان کیا سوال کرے، عمران خان نے اعظم خان کے ساتھ سازش کر کے وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جعل سازی کی بنیاد پر پاکستان کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا، عمران خان نے ٹیمپرنگ کی بنیاد پر افواج پاکستان پر حملے کیے، شہدا اور سیاسی جماعتوں اور اداروں پر حملے کیے، پیرنی بھی یہی کہہ رہی ہے کہ جو ہم پر تنقید کرے اسے غداری کے ساتھ منسلک لنک کرو۔
'عمران خان پاکستان کو عالمی اسٹیبلشمنٹ کا غلام کہتا رہا'
انہوں نے کہا کہ عمران خان شیطانی کھیل کی بنیاد پر پاکستان کو عالمی اسٹیبلشمنٹ کا غلام اور پاکستان کو کمزور ریاست کہتا رہا، دوست ممالک اور اقوام متحدہ کو پاکستان کے خلاف خط لکھ کر زہر اگلتا رہا، ایک کمرے میں دو شیطانی دماغوں نے اس سازش کو گھڑا، اسی سازش کی بنیاد پر میر صادق، میر جعفر اور جانور کہتا رہا، یہ کون ہے جسے کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے اور یہ سنگین سے سنگین جرم کا ارتکاب کرکے بھی بچ کر نکل جاتا ہے۔
مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے خلاف ہائی پاور جے آئی ٹی بنائی جائے کیونکہ عمران خان جیسے سنگین نوعیت کے جرم کا پاکستان کی تاریخ میں کسی وزیراعظم نے سوچا بھی نہیں ہوگا، جے آئی ٹی میں حکومت کے وزرا، آئی ایس آئی کے رکن، قانون سازوں، ایف آئی اے کے اراکین ہوں اور عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی، اسد مجید کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم پاکستان کو بچانے کے لیے یہ بھی نہیں کرسکتے تو ہم سب کو آنکھیں بند کرکے کمبل لے کر سو جانا چاہیے، ملک کو بچانا ہمارا فرض ہے اور ان شا اللہ ہم یہ فرض پوری قوت کے ساتھ ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت
انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کا لاڈلہ ہوگا تو ہوتا رہے، ہمارے سامنے بالکل بھی نہیں ہے اور اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز نے مزید کہا کہ مجھے کسی نے عمران خان کی اسٹیٹمنٹ بھیجی کہ مریم کو شرم آنی چاہیے کہ وہ بھارت سے داماد کے لیے مشینری منگوا رہی تھیں، لیکن شرم عمران خان کو آنی چاہیے کیونکہ میرے داماد کی مشینری عمران خان کے دور میں آئی تھی، میں نے قانون کے خلاف کچھ نہیں کیا۔