• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

کوئٹہ: 3 بھائیوں کے قتل میں ملوث چوتھا بھائی گرفتار، ملزم کا اعترافِ جرم

شائع September 29, 2022
پولیس نے کہا کہ ملزم اپنے بھائیوں کو قتل کرکے جائیداد میں بڑا حصہ حاصل کرنے کی توقع کر رہا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
پولیس نے کہا کہ ملزم اپنے بھائیوں کو قتل کرکے جائیداد میں بڑا حصہ حاصل کرنے کی توقع کر رہا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کوئٹہ میں 3 بھائیوں کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس نے چوتھے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے تینوں بھائیوں کو گولی مارنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 بھائیوں کے قتل کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی جہاں تینوں بھائی کی لاشوں کے علاوہ چوتھا بھائی قیس خان اچکزئی اور ملازم اسفند بھی پائے گئے، بعد ازاں تینوں مقتولین کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والے 2 بھائی گرفتار

پولیس نے بتایا کہ چوتھے بھائی اور ملازم کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے جایا گیا کیونکہ وہ بھی واقعے کے وقت کار میں موجود تھے۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ قیس خان نے مقتولین پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ گھر کے نزدیک پہنچے، اس دوران ملازم اسفند بھی زخمی ہوا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ’قیس خان نے اپنے بھائیوں پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اپنے بھائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں تھے کیونکہ وہ اس کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرتے تھے‘۔

پولیس نے مزید کہا کہ ملزم اپنے بھائیوں کو قتل کرکے جائیداد میں بڑا حصہ حاصل کرنے کی توقع کر رہا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت: ویڈیو گیم کے لیے موبائل نہ دینے پر بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا

پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ شادی میں جاتے وقت اپنے کزن کی پستول ساتھ لے گیا اور گھر واپس آتے ہوئے اس نے اپنے تینوں بھائیوں کو گولی مار کر قتل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے گھر کے ملازم کو دھمکی دی کہ اگر اس نے اس واقعے کے بارے میں کسی کو کچھ بتایا تو وہ اسے بھی جان سے مار دے گا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ’ہم نے ملزم سے تینوں بھائیوں کو قتل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا پستول بھی برآمد کر لیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور کار سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025