• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عمران خان کو دی گئی ڈھیل کے مقاصد قوم کی سمجھ سے بالاتر ہیں، جاوید لطیف

شائع September 29, 2022
جاوید لطیف نے کہا کہ خدشہ ہے کہ عمران خان  کے دور حکومت کی کوئی ایسی خبر سامنے نہ آجائے کہ  قوم سکتے میں آجائے — فوٹو: ڈان نیوز
جاوید لطیف نے کہا کہ خدشہ ہے کہ عمران خان کے دور حکومت کی کوئی ایسی خبر سامنے نہ آجائے کہ قوم سکتے میں آجائے — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کے لیے ریاست کو داؤ پر لگادیا، عمران خان کو دی گئی ڈھیل کے مقاصد قوم کی سمجھ سے بالا تر ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آڈیو لیکس کا معاملہ بہت سنگین ہے، آڈیو لیک سامنے آنے سے عمران خان کی منافقت سامنے آچکی، ریاست کو اس کا سنجیدگی سے نہ صرف نوٹس لینا چاہیے بلکہ جو بنائی گئی کمیٹی ہے اس کو کسی منطقی نتیجے پر پہنچنا چاہیے اور پھر اس کی جانب سے دی گئی تجاویز و فیصلوں پر عمل درآمد بھی ہونا چاہیے، تاکہ اس طرح کے سنگین جرائم کو مستقبل میں دوربارہ ہونے سے روکا جاسکے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ اس سے بھی سنگین جرم عمران خان سے سرزد ہوا ہے، وہ جرم یہ ہے کہ انہوں نے اپنی سیاست کو بچانے کے لیے ریاست کو داؤ پر لگادیا، وہ کل ثابت ہوا اور یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، وہ بطور وزیر اعظم امریکا گئے تو کہا کہ طالبان اور القاعدہ کو ٹریننگ اور تربیت ہم نے دی، ایران گئے تو کہا کہ ہماری سرزمین آپ کی ریاست کے خلاف استعمال ہوئی اور اسمبلی فورم پر کھڑا ہو کر یہ کہا کہ پاکستانیوں کو بھاری رقوم کے عوض غیر ملکیوں کے ہاتھوں فروخت کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم بتائیں عمران خان کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا، جاوید لطیف

انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم کے ان بیانات کا اس وقت سنجیدگی سے نوٹس لے لیا جاتا تو آج یہ نوبت نہ آتی کہ وہ آج اپنی سیاست کے لیے ریاست پاکستان کی سلامتی سے کھیلتا، وہ آج کہے کہ میں ابھی کھیلوں گا تو پھر کوئی بتائے کہ اس کی ٹیم جو بڑے بڑے مافیاز اور انیل مسرت، عارف نقوی جیسے ٹائیکونز پر مشتمل تھی جو وزیراعظم ہاؤس میں راتوں کو رہتے تھے، المیہ یہ ہے کہ یہاں کام رکا نہیں، کھیلنا تو دور کی بات، بشریٰ بی بی بھی اپنے مخالفین کے خلاف غداری کارڈ کھیلتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو سب سے زیادہ تشویش اس بات پر ہے کہ خدانخواستہ ہمارا نیوکلیئر پاکستان گزشتہ 4 سال ان کے ہاتھوں میں رہا کہیں کسی روز ایسا نہ ہو کوئی ایسی خبر سامنے نہ آجائے کہ جس سے پوری قوم سکتے میں آجائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا چاہیے تھا کہ نواز شریف کی مخالفت میں ہم نے جو بت تراشا، بت بنایا، وہ اتنا طاقتور ہوجائے گا کہ ریاستی اداروں سمیت ریاست کی سلامتی سے کھیل جائے اور ہم دیکھتے رہ جائیں اور یہ ضرورت کب ختم ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ شخص ایک کے بعد دوسرے اداروں میں بیٹھے لوگوں کے ساتھ کھیلا، ادارے کمزور ہوئے اور کیے گئے لیکن کوئی بتائے گا کہ عمران خان سے ڈیل کے مقاصد سامنے آنے پر قوم اس کے نتائج بھگت رہی ہے لیکن پی ٹی آئی چیئرمین کو دی گئی ڈھیل کے مقاصد کب قوم کے سامنے آئیں گے، سابق وزیراعظم کو دی گئی ڈھیل کے مقاصد آج تک قوم کی سمجھ سے بالا تر ہیں۔

مزید پڑھیں: جماعتوں کو اداروں سے مفاہمت کرکے چلائیں گے تو عوام کا ردعمل یہی ہوگا، جاوید لطیف

جاوید لطیف نے کہا کہ آج تک عمران خان جو کر رہے ہیں اور جو کرنے جارہے ہیں کیا انہیں بار بار ریاست سے غداری کا مرتکب ہونے دیں، کیا اس کو لگام عوام ڈالیں گے یا ریاستی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اس کو لگام ڈالیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ تمام ریاستی ادارے ذمہ داری کے ساتھ اپنا اپنا کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے اس جیسے کھلنڈرے کھلاڑیوں کے ان کے ساتھ کھلواڑ کے باجود پاکستان آج تک محفوظ ہے تو سوال اٹھتا ہے کہ اس کی ضرورت کب پوری ہوگی تاکہ پاکستان اور اس کے عوام اس دلدل سے محفوظ ہو سکیں جس میں یہ پاکستان کو پھنسا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے پاکستان کی معیشت تباہ کردی، اخلاقیات تباہ کردی، مذہب سے کھیلا اور یہاں تک کہ ملکی سلامتی سے کھیل رہا ہے، کب تک اس کو بے لگام چھوڑا جائےگا، قوم یہ سوال کرتی ہے کہ کب تک اس کو ڈھیل دی جائےگی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات سامنے آگئے

جاوید لطیف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جو کمیٹی بنی ہے وہ جو جو شخص اس معاملے میں سہولت کاری کے لیے ملوث ہوا اس کو قومی مفاد میں سخت ترین سزا دی جائے گی اور اب بہت ہوچکا کہ ایک کے بعد دوسرے اور دوسرے کے بعد تیسرے کے ساتھ مل کر کھیل کھیلے اور قوم خاموش چپ رہے، اب اگر اس کو روک لیا جائے یا ادارے اپنے آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں اور اس کو لگام دے دی جائے تو قوم کو اس کی بھیانک گمراہی کے عذاب سے بچایا جاسکتا ہے جو کہ اس کا وتیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے 4 سال میں ملک دیوالیہ کرکے ہمیں دے دیا، ہمیں ملک کے لیے پاکستان دشمنی کو ترک کردینا چاہیے، تراشا ہوا بت آج اژدھا بن چکا ہے جو ملک سے دشمنی کر رہا ہے، اس کو ملک سے کھیلنے کی اجازت قوم نہیں دے سکتی اور مجھے امید ہے کہ اب ادارے بھی اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرتے ہوئے اس کو ضرور لگام ڈالیں گے اور ایسا نہ کیا گیا تو اس کی جانب سے گمراہ کیے گئے لوگ اور ملک پر مرمٹنے والے طبقے کو آمنے سامنے کرنے کی اس خواہش پوری ہوجائے گی۔

جاوید لطیف نے کہا کہ اب سمجھ آگئی ہے کہ اس کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے نہیں بلکہ اس کو اقتدار میں لانے کے لیے سازش کی گئی جو قوم کے سامنے آچکی ہے اور میری دعا ہے کہ قوم کے سامنے اب کوئی ایسی چیز سامنے نہ آجائے کہ قوم سکتے ہیں آجائے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں کئی آڈیو، ویڈیوز سامنے آچکی ہیں لیکن کسی نے سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا، شوکت ترین نے ریاست کے خلاف سنگین جرم کیا لیکن آج تک کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024